• news

نواز شریف کی تاحیات نا اہلی کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کی جائیگی‘ رانا ثنا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا  ہے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد  نواز شریف کی تاحیات نا اہلی اور انہیں پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کی جائے گی۔  ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا  چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے درخواست کریں گے کہ وہ اس کو نہ سنیں۔انہوں نے مزید کہا  انتخابات انشاء اللہ اکتوبر میں ہوں گے۔انہوں نے کہا  جناح ہاؤس حملے میں عمران خان کی اہلیہ ملوث ہوئی تو گرفتار کیا جائے گا۔ عمران خان کی اہلیہ کو گرفتار کرنا ہماری پلاننگ کا حصہ نہیں۔ میرا خیال ہے عمران خان گرفتار ہوں گے۔ القادر یونیورسٹی کا کیس بہت مضبوط ہے۔ القادر یونیورسٹی اور جناح ہاؤس مقدمات کا اصل ملزم ہی عمران خان ہے۔ یہ کیسز مکمل نہیں ہو سکتے جب تک گرفتاری نہیں ہوتی۔ ان مقدمات میں سزا ہوئی تو عمران خان نااہل ہو سکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس حملے پر میری سوچ کے مطابق عمران خان کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل بنتا ہے، ملٹری انویسٹی گیشن ٹیم نے فیصلہ کرنا ہے، جن لوگوں کو وہاں بھیجا گیا ان کا براہ راست عمران خان سے تعلق ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا کیس کون سی عدالت میں بھیجنا ہے۔ عمران خان نے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت پھیلائی۔ نجی ٹی وی سے  گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیز کا کام منصوبہ بندی پر نظر رکھنا ہے، عمران خان کے دائیں، بائیں لوگوں کی گفتگو ہوئی، پلاننگ کے مطابق فیک ریپ کو اصل دکھایا جائے گا، میں نے آڈیوز خود سنی ہیں، آڈیو لیک کرنے کی بجائے کوشش ہے ان لوگوں کو پکڑا جائے۔ خدیجہ شاہ کے حوالے سے شواہد موجود ہیں، ان کا جرم ریڈ لائن کراس کرنے کا ہے، یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا ہے کہ اگر زمان پارک میں طاقت کے ساتھ آپریشن کرتے تو ہلاکتیں ہو جاتیں، اگر ہلاکتیں ہو جاتیں تو اسے ایک اور موقع مل جاتا، ہم نے زمان پارک میں دو بار کوشش کی معاملات نہ بگڑیں۔

ای پیپر-دی نیشن