جیل میں خواتین سے ناروا سلوک صرف پراپیگنڈا، ایسے الزامات لگانے سے پہلے سوچنا چاہئے : محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جیل میں خواتین سے ناروا سلوک کے الزامات صرف پراپیگنڈا ہیں۔ ماؤں بہنوں کی عزت ہوتی ہے، خدارا ایسے الزامات لگانے سے قبل سوچ لینا چاہئے۔ ساری مائیں بہنیں ہماری اپنی ہیں اور ہم نے ماؤں بہنوں کی عزت کرنا سیکھی ہے۔ 9 مئی کے واقعات میں 32 خواتین گرفتار ہوئیں اوران میں سے 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر لیڈیز جیل میں ہیں اور ان خواتین کے ساتھ جیل میں لیڈیز سٹاف ہوتا ہے۔ کبھی جیل میں اس طرح کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، کیمرے بھی لگے ہوئے ہیں اور ہماری مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ہیں۔ وہ رات گئے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ماؤں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ خدانخواستہ پنجاب میں کوئی بھی ایسا واقعہ رونما ہو تو جب تک میں موجود ہوں اس وقت تک ماؤں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے۔ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو ہر صورت گرفتار کر رہے ہیں۔ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث کوئی بھی جتنا مرضی اثرورسوخ والا ہو وہ چھوٹے گا نہیں۔ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والا جو بھی ہو اس کا پورا ٹرائل ہو گا۔ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والا کوئی چھوٹ سکتا ہے نہ ہم چھوڑیں گے۔ اس وقت تک عمران خان کی نظر بندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ خدیجہ شاہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور قانونی کارروائی ہو رہی ہے۔ ہم نے بعض پولیس والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا ہے۔ جبکہ دیگر واقعات میں مطلوب خواتین سے نرم رویہ اختیار کیا ہے اور انہیں گرفتار کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ تاہم ان خواتین کو تفتیش کے لئے بلا رہے ہیں اور ریڈ کے لئے بھی لیڈیز پولیس کو ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ ایک خاتون ایس ایس پی تمام امور کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ صحافی ہماری ذمہ داری ہیں، جو صحافی کوریج کے لئے گئے تھے، ہم انہیں فوری چھوڑ رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ صحافیوں کا نام لسٹ میں بھی نہ آئے، صحافی ہماری پہلی ترجیح ہیں۔ قبل ازیں محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ادھر محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ہیلتھ سیکٹر میں بہتری کے لئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں لاہور کے 5 ہسپتالوں کو بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں سے منسلک کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کاہنہ نو، سبزہ زار، رائے ونڈ، مناواں، بیدیاں کے ہسپتالوں کو ٹیچنگ ہسپتالوں سے منسلک کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی کو نئی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ میں منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ اینڈ موٹر وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کا جائزہ لیا گیا۔ ایکسل لوڈ مینجمنٹ یقینی بنانے کیلئے موٹر وہیکل قوانین میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایجنسی کیلئے بھی رولز میں تبدیلی کی جائے گی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کیلئے رجسٹریشن پورٹل بنا لیا۔ پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد فیکٹری سے نکلنے والی ما ل بردار گاڑی کا وزن پنجاب ہائی وے پولیس، ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے کے پاس پہنچ جائے گا۔ ’’الیکٹرانکس وے برج‘‘ پر ہر گاڑی اور اس کے لوڈ کی آٹومیٹک رجسٹریشن ہوگی۔ پنجاب کی 15بڑی روڈز پر پہلے مرحلے میں 38 وے برج قائم ہوں گے۔