• news

بغاوت جو ناکام ہوگئی

متعلقہ حلقے بھرپور چھان بین اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جان چکے ہیں کہ 9 مئی کی غارت گری عمران خان کی گرفتاری کا بے ساختہ ردّعمل نہیں، ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس کا براہِ راست نشانہ آرمی چیف سید عاصم منیر تھے۔ لمحوں کے اندر اندر کوئٹہ سے پشاور تک فوجی تنصیبات اور علامات کو نشانہ بنانا خان صاحب اور اْن کے دیدہ ونادیدہ سہولت کاروں کا بھیانک منصوبہ تھا۔ ورنہ کیسے ممکن ہے کہ کوئٹہ میں پی۔ٹی۔آئی کے جانباز براہ راست چھائونی کا رْخ کریں اور فوجی دستوں سے ٹکرائیں، لاہور کے بے مہار جتھوں کو کورکمانڈر ہائوس‘ عسکری پلازا اور سی۔ایس۔ڈی کے سوا کوئی ہدف نہ ملے۔ فیصل آباد کے سپوت براہ راست آئی ایس آئی کے دفاتر پر حملہ آور ہوں، سرگودھا اور میانوالی کے غضب ناک ہجوم فضائیہ کے اڈوں پر چڑھ دوڑیں، پشاور کے سورما ایف سی کے ہیڈکوارٹرز، قلعہ بالا حصار پر حملہ آور ہوں، سنگ باری اور آتش زنی کے لئے صرف دفاعی علامات ہی دکھائی دیں۔
 1965ء کی یادگار طیّارہ ہی شعلوں میں لپٹا نظرآئے، شہدا کی یادگاریں ہی توڑی پھوڑی جائیں اور وطن پر جانیں نچھاور کرنے والوں کے مجسمے ہی شکست وریخت کا نشانہ بنیں؟ عمران خان کمال معصومیت سے سوال کرتے ہیں ’’اگر یہ پی ٹی آئی کے لوگ تھے تو مجھ پر قاتلانہ حملے کے بعد ایسا کیوں نہ ہوا؟ سیدھا سادہ جواب یہ ہے کہ آپ نے اْس وقت ایسا منصوبہ تیار نہیں کیاتھا۔ 
2018 میں فوج کی آراستہ پیراستہ بگھی میں سوار ہوکر قِصرِ اقتدار میں جلوہ افروز ہونے اور پھر کم وبیش ساڑھے تین سال نوبیاہتا دْلہن جیسے ناز نخرے اٹھوانے کے بعد عمران خان یہ نتیجہ اخذ کرچکے تھے کہ اپوزیشن کو کچلنے، اس کے ہر وار سے بچنے، عدالتوں سے مطلوب فیصلے لینے، کارکردگی اور خوئے دلداری کے بغیر بھی اتحادیوں کو اقتدار کی مالا میں پروئے رکھنے اور کسی ناہمواری کے بغیر حکومت کئے جانے کا نسخہ ہائے کیمیا یہ ہے کہ فوج کا سپہ سالار، ایک جانثار پاسبان کی طرح پہلو بہ پہلو کھڑا رہے۔ کم لوگ جانتے ہیں کہ پی۔ٹی۔آئی کے پورے عہد حکمرانی میں، پارلیمنٹ ہائوس کا ایک کمرہ، فوج کے زیراثرایک ہمہ مقتدر ایجنسی کے افسر کے لئے وقف تھا۔ دونوں ایوانوں میں پوچھے جانے والے سوالات سے قانون سازی تک، تمام امور اس ہمہ مقتدر اہلکار کے دستِ قدرت میں تھے۔ اس بندوبست کو عمران خان ’’وَن پیج‘‘ کا نام دیاکرتے تھے۔  جنرل باجوہ کو پہلی توسیع کے بعد اْن کی نگاہیں اگلے آرمی چیف پر مرکوز ہوگئیں جو آئی ایس آئی کے سربراہ کے طورپر اْن کے دل میں جگہ بنا چکا تھا۔ نقشہ ہائے کار بڑا واضح تھا۔
 نومبر2022 میں وہ جنرل فیض حمید کو آرمی چیف تعینات کریں گے۔ یہ مشترکہ مفادات اور پْرامن بقائے باہمی کا ایک طویل المعیاد معاہدہ ہوگا جس کے بعد 2023 اور پھر 2028 کے انتخابات سے ’آر۔ٹی۔ایس‘ والے نتائج کشید کئے جائیں گے۔ خان صاحب کا اقتدار 2033 تک برقرار رہے گا۔ اس عشرہ ہائے مبارکہ میں وہ اپنے سیاسی حریفوں کا کچومر نکال کر اس اقتدار کْلّی کے ساتھ حکمرانی کریں گے جس کا نمونہ ہٹلر اور مسولینی چھوڑ گئے ہیں۔ اس منصوبے میں کھَنڈت پڑنے کے کئی اسباب تھے۔ 
پہلے جنرل باجوہ نے بتایا کہ کرپشن آپ کے گھر تک آن پہنچی ہے خبرلیں۔ پھر جنرل سید عاصم منیر نے دستاویزات اور شواہد دکھاتے ہوئے خبردار کیا۔ اسباب اور بھی تھے۔ یہاں تک کہ تحریک عدم اعتماد نے دستک دی اور عمران خان حواس باختہ ہوگئے۔ بہت ہاتھ پائوں مارے لیکن سہارے کو ایک تنکا بھی نہ ملا۔ 
حکومت گنوا دینے کے بعد عمران خان اور اْن کے اہالیوں موالیوں کا نیا منصوبہ یہ تھا کہ کس طرح جنرل فیض حمید کو سپہ سالار کی مسند بلند تک پہنچایا جائے؟ اگر ایسا نہ ہوسکے تو دوسرا جرنیل کون ہونا چاہیے؟ یہ بھی نہ ہو تو کس طرح ساری توانائیاں عاصم منیر کا راستہ روکنے پر مرکوز کردی جائیں۔ ان اہداف پر نگاہ رکھتے ہوئے عمران خان نے طرح طرح کے اَن گھڑ اور بے ڈَھب بیانات دے کر پہلی بار اس تقرری کو متنازعہ بنایا۔ اسے جلسوں، جلوسوں، چوکوں، بازاروں میں لے آئے۔ موثر جگہوں پہ بیٹھے سہولت کار اْن کی پْشت پر تھے۔ جھوٹ پر مبنی ایک بے سروپا کہانی، ایک برادر دوست ملک تک پہنچائی گئی۔ ’’نادرا‘‘ میں نقب لگا کر سید عاصم منیر کے لواحقین کے کوائف اور نجی معلومات حاصل کی گئیں۔ یہ سب اہلکار گرفت میں آئے اور انجام کو پہنچے۔ کچھ داستانیں اور بھی ہیں۔ شاید آپ حیران ہوں کہ لندن میں نوازشریف تک پہنچنے والی سفارشوں میں ایک توانا سفارش جنرل فیض حمید کے لئے بھی تھی۔ ضمانت دینے والے نے کیا پیشکش کی، اس کا تذکرہ میں پھر کبھی کروں گا۔ اتنی بات میں پورے وثوق اور ذاتی معلومات کی بنیاد …
٭…٭…٭

ای پیپر-دی نیشن