قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ میں یوم تکریم شہداء کی مناسبت سے تقریب
جدہ(خالد مجید سے)جدہ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم تکریم شہداء پاکستان کی مناسبت سے سادہ اور پر وقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں پاک فوج، رینجرز، فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹیبلری، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیروز کی غیر متزلزل لگن اور عزم و استقلال کے جذبے کو بہترین الفاظ میں سراہا گیا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے قوم کے ان سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جانوں کی قربانیاں لازوال ہیں اور پاکستان کے دشمنوں کے بدنیتی پر مبنی منفی پروپیگنڈے سے قطع نظر یہ عظیم ہستیاں آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہیں گی۔ تقریب کے کلیدی مقررین میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود پوری اور پاکستانی میڈیا کی نمائندگی کرنے والے جمیل راٹھور شامل تھے۔ جنہوں نے شہداء حق کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کی حفاظت میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔