• news

جڑواں شہروں کی رونق یوم تکبیر کی رونق سے دوبالا

چوہدری شاہد اجمل
گزشتہ ہفتے ملک میں دواہم دن منائے گئے جو ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کر نے والوں کے لیے تھے ،25مئی کو یوم تکریم شہدائے پاکستان اور 28مئی کو یوم تکبیر منا یا گیا،قوم نے یوم تکریم شہدا پاکستان کے موقع پر ملک پھر میں وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر نے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور 9مئی کو شرپسندوں کی جانب سے احتجاج اور جلائو گھیرائو کے دوران شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر یومِ مذمتِ غدار پاکستان کے بینر آویزاں کردیے گئے اور مختلف مقامات پر ''وال آف شیم''بنائی گئی ہے ،ان بینرز پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، عمران اسماعیل، فرخ حبیب، مراد سعید اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت متعدد رہنمائوں کی تصاویر موجود ہیں،یوم تکریم شہدا کے موقع پر جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے، جن میں سابق آرمی چیف جنرل(ر)قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی اور ملکی ترقی و استحکام کے لیے دعا کی گئی جبکہ شہدائے پاکستان کو سلامی پیش کی گئی۔نیول ہیڈکوارٹر میں یاد گار شہدا پر یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں پاک بحریہ کے شہدا کو سلامی پیش کی گئی۔نیول چیف امجد خان نیازی نے یاد گار شہدا پر پھول رکھے۔ائرہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم تکریم شہدائے کی  تقریب میںائر چیف مارشل نے یاد گار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔جے ایس ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں بھی تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے یاد گار شہدا پر پھول رکھے۔ یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا جبکہ تینوں مسلح افواج کی یونٹس میں خصوصی طور پر قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداکے لواحقین سے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ شہدا کے قبرستان کے دورے کے موقع پر شہداکی قبروں پر پھول چڑھائے،آرمی چیف نے کہا کہ وہ شہداجنہیں اللہ رب العزت نے حیات جاوداں عطا فرما دی، ان کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ شہداکے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کے آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداکے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ادھر راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر یومِ مذمتِ غدار پاکستان کے بینر آویزاں کردیے گئے اور مختلف مقامات پر ''وال آف شیم''بنائی گئی ہے ،ان بینرز پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، عمران اسماعیل، فرخ حبیب، مراد سعید اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت متعدد رہنمائوں کی تصاویر موجود ہیں۔تصاویر پر پی ٹی آئی رہنماں کو غدارِ وطن قرار دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی ان بینرز کی تصاویر کو مختلف اکاؤنٹس سے شیئر کیا جارہا ہے۔ملک میں 9مئی کو ہونے والے واقعات اور ان میں ملوث عناصر کی بھرپور مذمت کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی۔ملک کے مختلف اضلاع میں یوم  مذمت غدار وطن کی مناسبت سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ریلیوں میں فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔بلوچستان ،خیبرپختونخواہ ،پنجاب اور سندھ کے کئی شہروں میں سڑکوں اور شاہراؤں کو پینا فلیکس سے آراستہ کیا گیا اور مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیوں میں سیکڑوں افراد نے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے، شرکا کی جانب سے اس موقع پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ عوام کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا کہ پاک فوج اور شہدا کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب 28مئی کو ملک بھر میں پاکستانیوں کے لیے فخر کا دن یوم تکبیر قومی جوش وجذبے سے منا یا گیا پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 25 برس مکمل ہوگئے ہیں۔28 مئی 1998 وہ دن تھا جب پاکستان ناقابل تسخیر اور ایٹمی قوت بنا۔اس دن کی یاد میں ہرسال یوم تکبیر منایا جاتا ہے۔یوم تکبیر پاکستانیوں اور پوری امت مسلمہ کیلئے احیا اور فخر کا دن ہے۔ جس نے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھتے ہوئے استحکام پیدا کیا۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کا تاریخی بیان پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں قومی حوصلہ بڑھانے کا باعث بنا، انہوں نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھالیں گے لیکن ملک کو ایٹمی قوت بنائیں گے کیونکہ اب ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں۔28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں جوہری تجربہ ایک تاریخی لمحہ اور ملکی تاریخ کا ایک سنگ میل تھا جس نے پاکستان کو دنیا کی 7ویں ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت بنایا۔صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر سیاسی اور عسکری قیادت سمیت نامور انجینئرز کو ملک کو ایٹمی قوت بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیرکے موقع پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا جب خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے جوہری دھماکے ناگزیر تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی کو بین الاقوامی دبا، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

ای پیپر-دی نیشن