زندہ دلوں کے شہر میں یوم تکبیر کے جلسے اور جلوس
ندیم بسرا
اٹھائیس مئی انیس سو اٹھانوے پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن ہے ،اسی روز پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنا اور بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا گیا۔یہ تحفہ ہمیں بلاشبہ ہمارے اپنے محسنوں نے دیا جن کو قوم کبھی نہیں بھولے گی۔نواز شریف نے بطور وزیراعظم پاکستان ان ایٹمی دھماکوں کیلئے پیش رفت کر کے ثابت قدمی کا ثبوت اور ان کو حوصلہ دینے والوں میں معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم بھی شامل تھے جن کے تاریخی الفاظ ہمیشہ ہر پاکستانی کے کانوں میں گونجتے رہیں گے۔ انہوں نے نواز شریف سے کہا تھا کہ ’’میاں صاحب اگر آپ نے دھماکہ نہ کیا تو قوم آپکا دھماکہ کر دے گی ‘‘۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کا تاریخی بیان پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں قومی حوصلہ بڑھانے کا باعث بنا، انہوں نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھالیں گے لیکن ملک کو ایٹمی قوت بنائیں گے کیونکہ اب ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں۔اس لئے قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بھی ہمیشہ یاد رکھے گی کیونکہ ہماری اوپر ان کااحسان ہے،جس کے جذبہ عشق نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا۔اس لئے ہم یہ کہ سکتے ہیں کہ 28 مئی یومِ تکبیرپوری اْمتِ مسلمہ کے لئے فخر کا دن ہے۔ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کوخدا نے رہتی دنیا تک قائم رکھنا ہے، کیونکہ یہ ریاست اور ملک خدا کے نام پر قائم ہوا تھا، دوقومی نظریہ کے تحت وجود میں آیا تھا۔28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں جوہری تجربہ ایک تاریخی لمحہ اور ملکی تاریخ کا ایک سنگ میل تھا جس نے پاکستان کو دنیا کی 7ویں ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت بنایا۔
وہ قوم نہیں لائق ہنگامہ فردا
جس قوم کی تقدیر میں امروز نہیں ہے
اس دن کی مناسبت سے لاہور میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،یوم تکبیر پر مسلم لیگ ن نے لاہور میںکیک بھی کاٹا اور ریلیاں نکالیں اوررلبرٹی چوک پر ایک جلسہ بھی منعقد کیا گیا ،آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راجہ رَیپ سٹار نے یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنا نیا نغمہ ہم سب ہیں پاکستان ریلیز کر دیا۔قومی نغمے میں جہاں چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکوں، جاوید میانداد، معین اختر، عبدالستار سمیت کھیلوں، شوبز کے میدانوں اور سیاسی و سماجی حلقوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو دکھایا گیا ہے وہیں وہیں پاک فوج کے کارناموں اور قربانیوں کو بھی پیش کیا گیا ہے۔لبرٹی چوک پر ہونیوالے اس جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے اپنے پیغام میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یوم تکبیر کے موقع پر آپ سب کو اور تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں 25 سال ہوگئے آج سے25 سال پہلے بہت بڑی آزمائش کا سامنا تھا ایک طرف دفاع وطن دوسری طرف اربوں ڈالر کی پیشکش تھی۔ایک طرف پاکستان کی خواہشات تھیں دوسری طرف دنیا کی طاقتوں کی دھمکیاں تھیں جو کہ ناقابل برداشت تھیں۔امتحان کی اس گھڑی میں اللہ نے ہمار ا ہاتھ پکڑ ا اور حواصلہ دیا اور درست فیصلہ کرنے کی توفیق عطا کی۔میں پاکستان سے باہر سرکاری دورے پر تھا اسی وقت کسی بھی شک و شبہ یا اندیشہ کے بغیر متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔ ایٹمی دھماکوں کی تیاری کی جائے۔مجھے جوں ہی پیغام ملا بھات نے دھماکے کئے ہیں میں نے جواب میں دھماکے کرنے کی تیاری کرنے کی ہدایت کی۔اللہ کے فضل کرم سے پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔یہاں بہت ایبسلوٹلی ناٹ کہا گیا،یہ ہے ایبسلوٹلی ناٹ۔کسی کے خلاف جارہانہ عزائم نہیں رکھتے،کسی کو یہ بھی اجازت نہیں دیتے کہ ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔پاکستان ترقی اور خوشحال کے دور میں آگے رہے۔میری آرزو ہے پاکستان ہر شعبہ میں ایٹمی طاقت جیسا بنے۔ہمارا سبز پاسپورٹ عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے۔عزت کی نگاہ سے دیکھنے کی پٹڑ ی پر چل پڑے تھے وہ دن انشائ اللہ ضرور آئے گا۔مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو،سائنس دانوں اور ایٹمی قوت کے معماروں کو سلام۔پاکستان کو ناقابل تسخیر بنادیا۔قومی سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کو سلام۔بھارت نے جب ایٹمی دھماکے کئے،نوازشریف غیر ملکی دورے’’باکو‘‘پر تھے نوازشریف کو بتایا گیا بھارت نے دھماکے کئے،تو نوازشریف نے پوچھا کہ ہمیں ایٹمی دھماکے کرنے میں کتنے دن لگیں گے،نوازشریف نے وقت ضائع کئے بغیر جواب میں دھماکے کئے۔نوازشریف نے چاغی میں ایٹمی دھماکے کئے،نوازشریف نے پوری دنیا کا دباؤ برداشت کیا،بل کلنٹن سے نوازشریف کی ذاتی دوستی تھی،بل کلنٹن نے نوازشریف کو کہا دھماکے نہ کرو،نوازشریف نے کہا دوستی اپنی جگہ،پاکستان ایٹمی قوت بنے گا۔نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دو تو پیچھے کھنڈرات بچتے ہیں۔نوازشریف نے عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کوایٹمی قوت بنایا۔آج بھی اللہ کے فضل و کرم سے نوازشریف کے ساتھی کھڑے ہیں دوسری طرف مشکل وقت میں لوگ ریت کی دیوار کی طرح۔کلنٹن پانچ ارب ڈالر دے رہا تھا نوازشریف نے کہا کہ میں اپنی قوم کے ساتھ وفاکروں گا۔اس کو کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ۔ ایک اور پیغام میں پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ یہ شرف مسلم لیگ ن کی محبِ وطن قیادت کو ہی نصیب ہوا کہ جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ 28مئی کا دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لئے اعزاز اور فخر کا دن ہے، قائد نواز شریف نے ذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی، قائد نواز شریف کا یہ فعل ملکی سلامتی دفاع اور قومی وقارو افتخار کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گا۔انہوں نے مزید کہا ہم ملکی دفاع ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہیں اور کسی کو بھی اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، ا?ج اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔