• news

روسی تیل عمان بندرگاہ پہنچ گیا‘ پٹرول 100 روپے سستا نہیں ہو گا: مصدق ملک

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+نامہ نگار) پاکستان کیلئے آنے والا روسی تیل عمان کی بندرگاہ پہنچ گیا۔ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے تقریب سے خطاب میں کہا روسی جہاز دو ہفتوں میں پاکستان پہنچے گا۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے روسی تیل آنے کی صورت میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 100 روپے کمی کی خبروں کو مسترد کردیا۔ توانائی سے  متعلق تقریب سے خطاب میں مصدق ملک نے واضح کیا کہ روسی تیل آنے سے ملک میں تیل کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی البتہ تیل کے زیادہ کارگو آنے کی صورت میں قیمت کم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روس کا تیل بردار جہاز آئندہ دو ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائے گا جس کے بعد پراسیس مکمل ہونے کے بعد روسی تیل مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے فیصلہ کیا ہے جس کے تحت دنیا میں جہاں بھی سستا تیل ملے گا ہم خریدیں گے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پابندیوں سے بچتے ہوئے توانائی کی ضروریات کو پورا کریں، اس کے ساتھ ہی سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے بھی دوبارہ کام شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن