سونا 1700 تولہ سستا: اوپن مارکیٹ ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہونے سے ریکارڈ سطح پر
کراچی (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 11ڈالرز اضافہ سے 1956ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت 1700روپے تولہ کمی سے 2لاکھ 32ہزار 800روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 1458روپے کمی سے 1لاکھ 99ہزار 588روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2850 روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔ منگل کے روز انٹر بنک میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی۔ گزشتہ روز انٹر بنک میں ڈالر کی قدر 7 پیسہ معمولی کمی سے 285.42 روپے کی سطح سے گھٹ کر 285.35 روپے کی سطح پر آگئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے اضافہ سے 311 سے بڑھ کر 312 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔