زرداری لاہور پہنچ گئے، پی ٹی آئی چھوڑنے والے متعدد رہنما آج پی پی میں شامل ہونگے
لاہور+اسلام آباد+رحیم یار خان(نامہ نگار+نیوز رپورٹر+احسان الحق سے) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے صدر،سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ رات لاہور پہنچ گئے۔ آج بروز بدھ پی ٹی آئی چھوڑنے والی متعددسیاسی شخصیات پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پندرہ سے زائد سابق ایم این ایز، ایم پی ایز پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں قیام کیا ہے ۔ زرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے والے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این ایز، ایم پی ایز پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔آصف علی زرداری ،پارٹی میں شامل ہونے والی سیاسی شخصیات کے ساتھ آج رات 8 بجے بحریہ ٹاؤن بلاول ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا تعلق مظفرگڑھ، رحیم یار خان، خانیوال بہاولنگر سے بتایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں تک مرحلہ وار مزید پی ٹی آئی چھوڑنے والے ارکان بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے جن سے مقامی تنظیموں کے معاملات طے پا گئے ہیں ۔احسان الحق کے مطابق سابق صدر و شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کی کل (جمعرات) مخدوم ہاؤس لاہور میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی اطلاعات ہیں ۔پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے بیٹے و ایم این اے مخدوم مصطفیٰ محمود نے لاہور میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے ۔ جہانگیر ترین سے ملاقات یں پی پی پی کی جہانگیر ترین کی قیادت میں بننے والی نئی سیاسی پارٹی سے سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے زیادہ تر اراکین اسمبلی کا جھکاؤ جہانگیر ترین کی طرف ہے جبکہ وسطی اور شمالی پنجاب کے زیادہ تر اراکین کا جھکاؤ پی پی پی کی طرف دیکھا جا رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز لاہور میں جہانگیر ترین سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات کے دوران بھی مخدوم مصطفیٰ محمود موجود تھے ۔نیوز رپورٹر کے مطابق سندھ سے تحریک انصاف چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر لیاہے۔ذرائع کے مطابق خیبرپی کے اور سندھ سے بھی کئی لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں اور جہانگیر ترین کی ملک بھر سے مختلف رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے گزشتہ روز بھی کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور ان کی جانب سے رواں ہفتے ہی نئی پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر خان ترین اور علیم خان منگل کو لاہور سے اچانک اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وہ سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے نئی پارٹی کی تشکیل کیلئے بھی وہ مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔