دنیا کی بلند ترین چوٹی ’’مائونٹ ایورسٹ‘‘ سر کرنیوالے اسد علی میمن وطن واپس پہنچ گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ سر کرنے والے نوجوان کوہ پیما اسد علی میمن واپس وطن پہنچ گئے۔اسد علی نے خراب موسم اور نامساعد حالات کے باجود 8 ہزار 848 میٹرز بلند چوٹی تک پہنچے تھے، تاہم واپسی پر چوٹی سے اترنے کے دوران کیمپ 4 اور کیمپ 3 کے درمیان برف پر پھسل جا نے سے اسد علی میمن کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔اسد علی میمن کو گھٹنے کی چوٹ اور سخت جھلسنے جیسی کچھ چوٹیں آئی تھیں، نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم اسد علی میمن سلسلہ کوہ ہمالیہ کی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے و الے آٹھویں پاکستانی اور سندھ کے پہلے کوہ پیما ہیں۔کراچی پہنچنے کے بعد اسد علی میمن کا کہنا تھا کہ وہ اس کارنامے پر انتہائی مسرور ہیں اور تعاون کرنے والے تمام سٹیک ہولڈرز کے شکر گزار ہیں، اسد میمن دنیا کی سات بڑی چوٹیوں میں سے چار کو سر کرچکے ہیں۔