منی لانڈرنگ: شہباز شریف سمیت بعد میں شامل تفتیش ہونے والوں کی طلبی پر فیصلہ محفوظ
لاہور (خبر نگار) احتساب عدالت لاہور نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں بعد میں شامل تفتیش ہونے والے ملزمان کی طلبی پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ مزید سماعت 14 جون کو ہوگی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کمر میں تکلیف کے باعث حمزہ شہباز عدالت پیش نہیں ہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین نے عدالت پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ وکیل شہباز شریف کا موقف تھا کہ نیب نے لکھ دیا کہ شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف جرم نہیں بنتا۔ نیب خود سے کیس ختم نہیں کرسکتا عدالت کیس کو ختم کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ منی لانڈرنگ ریفرنس میں بعد میں تفتیش جوائن کرنے والوں میں ہارون یوسف اور طاہر نقوی شامل ہیں۔