ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کسی حکمران نے آواز نہیں اٹھائی: علامہ ابتسام الٰہی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین علامہ ابتسام الٰہی ظہیر کا کہنا ہے کہ ہماری مظلوم بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی جو کہ عرصہ 20 سال سے امریکی ظلم و جبر کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔ اسکی رہائی کیلئے کسی بھی حکمران نے صحیح طور پر انٹرنیشنل لیول پر آواز کو نہیں اٹھایا۔ دنیا بھر میں حقوق انسانی کی تنظیمیں اور ادارے موجود ہیں لیکن پاکستان کی مظلوم بیٹی کسی کی توجہ حاصل نہیں کرسکی۔ حالیہ ایام میں برادر سینیٹر مشتاق اور بین الاقوامی سطح کے وکیل کلائیو سمتھ کی ڈاکٹر عافیہ کی بازیابی کیلئے کی جانے والی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا پوری پاکستانی قوم کو اور بالخصوص نوجوان طبقے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے منظم اور بھرپور کمپین چلانی چاہیے اور حکمرانان وقت کو بھی انٹرنیشنل لیول پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مقدمہ لڑنا چاہیے۔