• news

بلوچستان : پاک ایران سرحد پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید 

 اسلام آ باد+ڈیرہ غازی خان ( خبر نگارخصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے+ بیورورپورٹ) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے بڑا حملہ کیا، پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے دہشتگردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، فورسز نے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید اہلکاروں میں سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ شامل ہیں، 34 سالہ حسنین اشتیاق ڈی جی خان اور 27 سالہ عنایت اللہ جھل مگسی کے رہائشی تھے۔ آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونیوالے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو سرحد پار فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔ اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے بلوچستان کے علاقے سنگوان میں دہشتگردوں کی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پسپائی فورسز کی بہترین پیشہ ورانہ تربیت کا ثبوت ہے۔ اللہ تعالی شہید سکیورٹی اہلکاروں کے درجات بلند کرے؛ انکے ورثاءکو صبر جمیل عطا کرے۔

ای پیپر-دی نیشن