• news

ترقیاتی منصوبے بر وقت مکمل کیے جائیں، کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی: محسن نقوی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور کے میگا پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فلاح عامہ کے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائن مقرر کی گئیں۔ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے نئے پراجیکٹس کے تعمیراتی کام کے آغاز کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹس کے آغاز کے لئے ڈیزائن اور دیگر ضروری امور فی الفور طے کئے جائیں۔ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک کا بہترین پلان تیار کیا جائے اور شہریوں کو آمد و رفت میں پریشانی سے بچانے کے لئے ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے متبادل روٹ تجویز کئے جائیں۔ اجلاس میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے، نوازشریف انٹرچینج انڈر پاس، کیولری سگنل فری روڈ پراجیکٹس کے امورکا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ ارفع کریم ٹاور، فیروز پور روڈ تا پائن ایونیو، ستوکتلہ نالہ اور مین بلیو وارڈ تا والٹن، سی بی ڈی پراجیکٹ پر رپورٹس پیش کی گئیں۔ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں پرائمری انجیو گرافی پر پیشرفت جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 5ماہ میں 5534 پرائمری انجیو گرافی کی گئیں جبکہ 9سرکاری ہسپتالوں میں مارننگ شفٹ میں 3113 اور نائٹ میں 1866پرائمری انجیو گرافی ہوئیں اور محسن نقوی کی ہدایت پر 9 سرکاری ہسپتالوں میں 67فیصد اضافہ ہوا۔ اجلاس میں ہر سرکاری ہسپتال میں انجیو گرافی / انجیو پلاسٹی کا ٹارگٹ مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کوٹ ادو کے نواحی قصبہ دائرہ دین پناہ میں ایک گھر میں دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاک ایران سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے اور حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن