پاکستانی میڈیا پرسنز، تھنک ٹینک، عالمی امور کے ماہر، دانشوروں کا وفد چین سے واپس آ گیا
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) چینی حکام کی دعوت پر بیجنگ جانے والا سینئر میڈیا پرسنز، تھنک ٹینک، عالمی امور کے ماہر اور دانشوروں کا وفد واپس پاکستان پہنچ گیا۔ 8 رکنی وفد نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کی قیادت میں سات روزہ دورے پر چین گیا تھا۔ نوائے وقت گروپ کے سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو نے گروپ کی بطور سیکرٹری جنرل ذمہ داریاں نبھائیں۔ وفد نے چین میں دارالحکومت بیجنگ میں چائنا سینٹرل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن سٹیشن، چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن، اور پاکستانی سفارتخانہ کا دورہ کیا۔ اور چینی معاشرے، اداروں میں جدت اور ترقی کا قریب سے جائزہ لیا۔ وفد نے تیزی سے ابھرتے ہوئے صنعتی اور تجارتی شہر شینجن (Shenzen) کا بھی دورہ کیا جہاں ہواوے (Huawei)کے ہیڈ آفس اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی BYD کے ہیڈ آفس کا بھی دورہ کیا اور بریفنگ لی۔ وفد نے تاریخی دیوارِ چین کا بھی دورہ کیا۔ وفد کی درخواست پر چینی ٹیم نے گروپ کے ارکان کو شینجن بندرگاہ کے قریب بحیرہ جنوبی چین کے ساحل پر تفریحی مقام کا بھی دورہ کرایا۔ چینی ٹیم میں انچارج مس ین، مس مینگ فن رونگ اور مس کیٹی نے بطور کوآرڈینیٹر ذمہ داریاں نبھائیں۔ گروپ لیڈر کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے وطن واپسی پر تمام اداروں کے وزٹ کے دوران انتہائی پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وفد کے دورہ سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے چینی کوآرڈینیشن ٹیم کے تعاون اور میزبانی کی تعریف کی اور کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کا دورہ نہایت شاندار رہا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی ڈی کے پروٹوکول افسر اور سینئر صحافیوں خواجہ اے متین و قیوم بخاری نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورہ