آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس عثمان بزدار5 جون کو نیب میں طلب
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں5 جون کو طلب کر لیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری میں دسویں مرتبہ طلب کیاگیا ہے، نیب کی جانب سے تحقیقات کے لئے بار بار طلبی پر عثمان بزدار صرف2 مرتبہ پیش ہوئے ہیں، نیب طلبی کے نوٹس عثمان بزدار کی لاہور اور آبائی رہائش گاہ ڈی جی خان ارسال کئے گئے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نیب تفتیش میں لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں، نیب عثمان بزدار کے خلاف مجموعی طور پر9 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے پر تحقیقات کر رہا ہے۔ عثمان بزدار نے تاحال ایسیٹ ڈکلیریشن پر فارمہ پر مکمل تفصیلات نیب کو فراہم نہیں کیں جس پر نیب ٹیم کو تشویش ہے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف اہم پیشرفت کے طورپر نیب نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے عثمان بزدار دور کے تمام منصوبہ جات کی تفصیلات بھی 5 جون تک طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کامزید کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی جانب سے عدم تعاون کی صورت میں تادیبی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے، نیب ٹیم نے آخری مرتبہ عثمان بزدار کو 30 مئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ بیماری کے باعث پیش نہیں ہوئے۔