پی این ایس سیف کا کامیاب ریسکیو آپریشن ، 6 ماہی گیروں کو بچالیا
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے بحیرہ عرب میں معمول کی پٹرولنگ کے دوران امدادی کال پر کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے الزبیر نامی ماہی گیر کشتی پر سوار 6 ماہی گیروں کو بچالیا. ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ماہی گیر کشتی انجن خرابی کا شکار تھی جبکہ طغیانی کے باعث سمندری پانی کشتی میں داخل ہورہا تھا. پی این ایس سیف نے رات گئے امدادی کال پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے مصیبت میں پھنسے 6 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا۔ ماہی گیروں کو جہاز پر طبی امداد کی فراہمی کے بعد گوادر منتقل کر دیا گیا۔ ماہی گیر برادری نے سمندر میں قیمتی جانیں بچانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا ہے۔پاک بحریہ جنگی تیاریوں کو ہمہ وقت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملکی سمندری سرحدوں میں مسلسل موجودگی اور سرگرمیوں کی نگرانی کے ذریعے سمندر میں زندگی کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا موثرکردار ادا کررہی ہے۔
ریسکیو آپریشن