• news

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ 

اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر اکرام علی ملک ہمراہ شریک تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان(ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا جن کا دل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ آج پاکستان سویٹ ہوم کے لیے بہت بڑا دن ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم خود ہمارے پاس چل کر آئے اور ان بچوں کی خدمت اور تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔ بلاشبہ اللہ تعالی نے آپکو بڑی عزتوں سے نوازا ہے۔ آپ نے ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے مشن کو آگے بڑھانے اور تعمیر و ترقی میں بھرپور تعاون کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ زمرد خان صاحب کی قیادت میں یتیم بچوں کی کفالت کا یہ اعلی معیار کا سسٹم بھی موجود ہے۔ میں نے پاکستان سویٹ ہوم کا بڑا نام سنا ہے مگر آج یہاں آکر اندازہ ہوا کہ کس قدر بڑے پیمانے پر یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا یہ عظیم مشن جاری ہے۔ یہاں آکر ان بچوں سے مل کر بے حد سکون اور اطمینان ملا۔ ان بچوں سے مل کر بےحد متاثر ہا اور ان کے پاپا جانی زمرد خان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔ ان بچوں کے جذبات، حوصلے اور اعتماد نے دل جیت لیے اور یقینا ان کے پاپا جانی زمرد خان صاحب خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس عظیم مشن کا بیڑا اٹھایا اور بڑے احسن انداز میں یہ عظیم کام سر انجام دے رہے ہیں۔ دنیا میں اس سے عظیم اور کیا کام ہوسکتا ہے کہ آپ کسی یتیم بچے کی کفالت اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دے کر اپنے پاں پر کھڑا کریں۔ تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ میں بطور وفاقی وزیر تعلیم مبارکباد پیش کرتا ہوں ہزاروں یتیم بچوں کے پاپا جانی زمرد خان صاحب اور ان کی تمام ٹیم کو جو اتنے عظیم مشن کی طرف گامزن ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ میں اپنی وزارت تعلیم کی طرف سے ان یتیم بچوں کے لیے 6 کروڑ روپے سالانہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔حکومت پاکستان سمیت میں خود بھی زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور ہم ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جہاں تک ممکن ہے ان بچوں کی بہتری کے لیے زمرد خان صاحب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کے دیگر افسران سمیت سکول و کالجز کے پرنسپل صاحبان بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن