• news

آسٹریلیا میں بھارتی طلبہ پر پابندی، کنسلٹنٹس سے محتاط رہنے کی اپیل

کینبرا(این این آئی )بھارت میں متعین آسٹریلیا کے سفیر نے طلبہ کو خبردارکیا ہے کہ وہ تعلیم اور امیگریشن کنسلٹنٹس سے محتاط رہیں۔بھارت میں یہ امیگریشن مشیران بیرون ملک تعلیم کے خواہاں طلبہ کی داخلے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کرتے پائے گئے ہیں۔ آسٹریلیا کی بعض یونیورسٹیوں نے درخواست دہندگان پر پابندی عاید کردی تھی۔آسٹریلیا کی بعض یونیورسٹیوں نے مئی میں جعلی ویزا دستاویزات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر چھ بھارتی ریاستوں کے درخواست دہندگان پر پابندی عاید کردی تھی۔نئی دہلی میں آسٹریلوی سفیر بیری او فیرل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم جو دیکھ رہے ہیں، وہ مائیگریشن ایجنٹس کی ناکامی ہے جو طلبہ کو ان کے فارم درست طریقے سے مکمل نہ کر کے مایوس کر رہے ہیں۔ ہم نے جھوٹی معلومات اور دھوکا دہی پرمبنی درخواستوں میں اضافہ دیکھا ہے اور اس کا بعض آسٹریلوی یونیورسٹیوں نے امیگریشن ایجنٹوں کو ذمے دار ٹھہرایا ہے۔او فیرل نے تعلیم کے لیے آسٹریلیا جانے کے خواہش مند طلبہ پر زور دیا کہ وہ ایجنسی کی کاغذی کارروائی کی نگرانی کریں اور یقین دہانی کے لیے نقول فائل کریں۔وکٹوریا کی فیڈریشن یونیورسٹی اور نیو ساتھ ویلز کی ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی نے بھارت کی ریاست پنجاب، ہریانہ، گجرات، اتراکھنڈ، اتر پردیش اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے طالب علموں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن