• news

آڈیو ٹیپس کمیٹی کی کارروائی روکنا آرٹیکل 69 کی خلاف ورزی : رضا ربانی


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے رہنما اور سنیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے آڈیو ٹیپس خصوصی کمیٹی کی کارروائی روکنا آرٹیکل 69 کی خلاف ورزی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سنیٹر رضا ربانی نے کہا کہ عدلیہ کی پارلیمنٹ کی اندرونی کارروائی میں مسلسل مداخلت افسوسناک ہے۔ آرٹیکل 69 کہتا ہے کہ عدالتیں پارلیمنٹ کی کارروائی کے بارے میں پوچھ گچھ یا مداخلت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی پارلیمنٹ کی توسیع ہے اس لیے اسے استثنیٰ حاصل ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی متعدد رولنگز موجود ہیں۔ رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ آئین نے تمام اداروں کو اختیارات تقسیم کر دیے ہیں پارلیمانی اور جمہوری نظام میں ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرنا ہوگا۔ 
رضا ربانی 

ای پیپر-دی نیشن