کیف پر فضائی حملہ، 3 افراد ہلاک، امریکہ کا یوکرائن کیلئے 30 کروڑ ڈالر اسلحہ پیکج کا اعلان
ماسکو‘ واشنگٹن (این این آئی) روس یوکرائن میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں حکام نے جمعرات کو بتایا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقوں میں رات گئے ہوئے تازہ فضائی حملے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیف کی فوجی انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے شامل ہیں، دارالحکومت کے مشرقی مضافات میں واقع یسنیاسکی ضلع کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ دنیپرو کے علاقے میں بھی ہوا جو شہر کے مرکز سے قریب ہے۔ رواں ماہ دارالحکومت پر یہ اٹھارواں حملہ ہے۔ فوجی انتظامیہ نے بتایا کہ دونوں علاقوں میں سات افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کلینک کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں حکام نے ایک گھنٹہ قبل ممکنہ حملے کی وارننگ دی تھی۔ اس تناظر میں روسی شہر بیلگوروڈ کے گورنر ویاچسلاو گلاڈکوف نے اعلان کیا کہ جو کوئی بھی چیپکینو شہر چھوڑنا چاہتا ہے وہ شہر کی میونسپلٹی میں درخواست دے سکتا ہے اور اسے مدد ملے گی۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے یوکرائن کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے نئے اسلحہ پیکج کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسلحہ پیکج میں ائیرڈیفنس سسٹم اور ایمونیشن شامل ہے۔ اس کے علاوہ پیکج میں پٹریاٹ ائیر ڈیفنس سسٹمز، اے آئی ایم 7 ائیر ڈیفنس میزائل، ایونجر ائیر ڈیفنس سسٹمز اور سٹرنگر اینٹی ائیر کرافٹ میزائل کے لیے ایمونیشن شامل ہے جبکہ ہائی موبیلٹی آرٹیلری راکٹ سسٹمز، 155 ایم ایم اور 105 ایم ایم آرٹیلری رانڈز، 105 ایم ایم ٹینک ایمونیشن اور زونی ائیرکرافٹ راکٹ بھی پیکج کا حصہ ہیں۔ پینٹاگون کا کہنا تھا کہ روسی حملے کے بعد یوکرائن کو 37.6 ارب ڈالر کی امریکی سکیورٹی امداد دی گئی ہے۔ امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ پینٹاگون کے مطابق یوکرائن کی فوری اور طویل مدتی جنگی ضروریات پوری کی جائیں گی اور یوکرائن کی مشرقی اور جنوبی علاقوں سے روسی فوج کو نکالنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
امریکہ، یوکرائن اسلحہ پیکج