پرویز الٰہی کو فوری ریلیف‘ جوڈیشل مجسٹریٹ کی سیاسی وابستگی واضح: صوبائی وزیر اطلاعات
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے پرویز الہٰی کو کرپشن کیس میں ڈسچارج کرنے کے عدالتی فیصلہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری ریلیف دینے کے فیصلے سے جوڈیشل مجسٹریٹ کی سیاسی وابستگی واضح ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کیس میں پرویز الہی کو ڈسچارج کرتے ہوئے جج صاحب نے حقائق سے صرفِ نظر کیا۔ عامر میر نے کہا کہ سیاسی وابستگی والا جج ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن جیسے اہم کیسز کے فیصلے دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی جج اس سے پہلے بھی 5 مقدمات میں پرویز الہی اور محمد خان بھٹی کو ریلیف دے چکے ہیں اور جج کا سوشل میڈیا پیج انکی سیاسی وابستگی کا اہم ترین ثبوت ہے۔ حکومت اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کی کرسی پر بیٹھنے والوں کو سیاسی وابستگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرنے چاہئیں۔ وزیر اطلاعات عامر میر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
عامر میر