ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر 65 فیصد پنشن فوری ملے گی : پنجاب کابینہ
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے 16 ویں اجلاس میں کابینہ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد منصوبوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی منظوری دی۔ پنجاب سول سروس پنشن رولز میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65 فیصد پنشن کی فوری ادائیگی یقینی ہو سکے گی اور جب تک پنشن کے مکمل کاغذات تیار نہیں ہوتے تب تک 65 فیصد پنشن ملتی رہے گی۔ پنجاب میں سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فیکٹریوں سے نکلنے والے بڑے ٹرالر کے وزن کو باقاعدہ چیک کیا جائے گا اور زیادہ وزن والے ٹرالر کو سڑک پر نہیں آنے دیا جائے گا۔ کابینہ نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے موٹر وہیکل رولز1969 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ محسن نقوی نے تمام محکموں کو سرکاری ملازمین کی ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک بھی حقدار سرکاری ملازم ترقی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ میں خود سرکاری ملازمین کی پروموشن کیسز کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ اجلاس میں پنجاب میں پیراپلیجک ری ہیبلیٹیشن سینٹرز کے قیام کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کے 5 شہروں ملتان، تونسہ، لاہور، فیصل آباد اور واہ میں مفلوج ہونے والے مریضوں کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹرز بنائے جائیں گے اور مفلوج مریضو ں کو ضروری میڈیکل آلات بھی دیئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ کابینہ اجلاس میں انسداد سموگ کے حوالے سے حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اکبر چوک لاہور پر فلائی اوور پراجیکٹ کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن (سنگل یوز پلاسٹک پراڈکٹ کے استعمال) کے قوانین 2023 محکمہ قانون و پارلیمانی امور کے ایڈمنسٹریٹر جنرل اینڈ آفیشل ٹرسٹیز، پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے‘ ریونیو موبلائزیشن سٹریٹجی پلان برائے مالی سال 2023-24 تا 2025-26 کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کے لئے پلان طلب کر لیا اور سیکرٹری صحت کو ہیلتھ کیئر سروسز کی فراہمی کے لئے 7روز کے اندر پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہیلتھ کیئر کی بہتری کیلئے ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور تعمیرومرمت کا جامع پلان بنایا جائے گا اور خدمات کی بہتری کیلئے ہسپتالوں کو پرانی عمارتوں سے نئی بلڈنگز میں منتقل کیا جائے گا۔ بڑے ہسپتالوں میں بائیومیڈیکل مشینیں، طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی جمخانہ میں پوٹھوہار انکلوژر اورگیسٹ رومز کا سنگ بنیاد رکھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ راولپنڈی جمخانہ کے ماڈل کو پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شروع کریں گے۔ پنجاب کا نئے مالی سال کا بجٹ 4 ماہ کے لئے ہو گا۔ بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کیلئے فنڈز مختص کرکے جلد کام شروع کریں گے۔ کچہری چوک فلائی اوور پر بھی کام کا آغاز کریں گے اور راولپنڈی سیف سٹی کیلئے موجودہ بجٹ میں رقم مختص کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنی مدد آپ کے تحت جمخانہ کلب بننے چاہئیں کیونکہ یہ ماڈل کامیاب ہے۔