• news

پی ٹی آئی کو تکبر لے ڈوبا، سنجیدہ مذاکرات وزیراعظم سے ہی ہوسکتے ہیں : رانا ثنا 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ صرف وزیر اعظم شہباز شریف سے ہی ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اپنے ٹویٹ میں کہی ہے۔ مزید براں نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا احمقانہ پن اور تکبر ان کو لے ڈوبا ہے۔ اب کسی نے تحریک انصاف کے ساتھ کیا مذاکرات کرنے ہیں۔ ایک افواہ یہ بھی ہے کہ پرویز خٹک خود وقت لیکر کسی سے ملاقات کرنے گئے، پھر یہ انتظار کرتے رہے۔ دوسری طرف سے گرین سگنل ملا تو پریس کانفرنس کر دی۔ جتنے لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ رہے ہیں اپنی مرضی سے چھوڑ رہے ہیں۔ یہ ایک ہفتے سے زیادہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔ پرویز الٰہی باعزت طریقے سے عدالت جاتے اور گرفتاری پیش کرتے۔ یہ انویسٹی گیشن میں شامل نہیں ہوتے۔ عدالت میں پیش نہیں ہوتے۔ پرویز الٰہی نے کرپشن میں اس بار بڑا ہاتھ مارا ہے۔ ان کو پہلی مرتبہ ادراک ہو رہا ہے ہمیں تو تین تین بار ادراک ہو چکا ہے۔ نواز شریف کو سیاست‘ پارٹی اور ملک سے نکال رہے تھے۔ اس وقت ہم بھی ان کو یہ بات سجھاتے تھے، یہ تو بات ہی نہیں سنتے تھے۔ یہ مکافات عمل ہی ہے جس کا اب وہ سامنا کر رہے ہیں۔ جبران ناصر کی اہلیہ سے بات ہوئی ہے، ان کو حوصلہ دیا اور یقین دہانی کرائی ہے۔ ایف آئی آر جبران ناصر کی اہلیہ کی درخواست کے مطابق درج ہوئی ہے۔

 

ای پیپر-دی نیشن