• news

مریم اورنگزیب سے جرمن سفیر کی ملاقات، فلم، آرٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سکرین ٹورزم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورت ثقافت اور تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستانی طالب علموں کو فلم، آرٹ اینڈ کلچر میں فنی تربیت کی فراہمی کیلئے جرمن اداروں کے تعاون کے خواہاں ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ایلفرڈ گرناس سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں بیبلسبرگ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ٹیلی ویژن اینڈ فلم میکنگ کے ساتھ اشتراک عمل کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے جرمن سفیر کو فلم اینڈ کلچر پالیسی اور اس کے تحت دی گئی مراعات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کی نجی سرکاری درس گاہوں میں تعاون سے فلم، آرٹ اینڈ کلچر کو فروغ مل سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے جرمن این جی اوز جی آئی زیڈ اور ہانس سیڈل فاﺅنڈیشن کی پاکستان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لئے 18 کروڑ 40 لاکھ یورو کی امداد پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے مقابلے کے لئے بین الاقوامی کانفرنس میں 8 کروڑ 40 لاکھ یورو کی امداد کی فراہمی کا وعدہ جرمنی کی پاکستان دوستی کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم کو 4 ارب ڈالر سے بڑھانے کی ضرورت ہے۔برلن میں اقبال گوئٹہ آرٹ اینڈکلچر سینٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ جرمنی کی صحافتی تنظیم کے وفد کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن