• news

چیف جسٹس اور جسٹس فائز نے ملکر پودے لگائے، خوشگوار ماحول میں گفتگو

اسلام آباد (نیٹ نیوز+نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے باغ میں پودے لگائے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔ شجرکاری مہم میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک ہوئے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ادارے کیلئے بھی بہتر کرے، اللہ سب کیلئے اور ادارے کیلئے برکت ڈالے۔ دوسری جانب چیف جسٹس شرعی عدالت کی حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس سے ملاقات نہ کرنے کے تاثر پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اہم وضاحت جاری کر دی۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ تقریب میں چیف جسٹس سے بھی ملاقات کی اور ان کا حال پوچھا۔ چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ جسٹس اقبال حمید الرحمان اور ان کی اہلیہ کو مل کر مبارکباد دی تھی۔ ویڈیو میں تاثر دیا گیا کہ میں چیف جسٹس سے نہیں ملا۔ سابق جسٹس سید محمد انور سے ملاقات کے دوران چیف جسٹس وہاں پہنچے۔ جسٹس اقبال حمید الرحمان کی اہلیہ کے کہنے پر ان کی طرف متوجہ ہوا۔ جسٹس اقبال حمید الرحمان کی اہلیہ اپنے خاندان کے کچھ افراد سے ملوانا چاہتی تھیں۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ حقیقت کے خلاف خبریں نہ پھیلائی جائیں یہ غلط فہمیوں کا باعث بنتی ہیں، سپریم کورٹ میں کوئی الگ گروپ نہیں بنا رکھا، گٹھ جوڑ کے ذریعے بنائی گئی کہانیوں کا ماضی میں اپنے خاندان سمیت شکار رہ چکا ہوں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو سلام کر چکا تھا غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں۔ کسی نے ویڈیو بنا کر یہ غلط تاثر دیا کہ میں نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو سلام نہیں کیا۔ میڈیا میں غلط تعبیرات سامنے آئیں۔ غیر ضروری غلط فہمی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ گٹھ جوڑ کے ذریعے گھڑی گئی جھوٹی کہانیوں سے تکلیف کا اندازہ ہے۔ آیت ہے کہ خبر پھیلانے سے قبل اس کی صداقت کی تحقیق کر لیا کرو۔ آئین کے تحفظ اور دفاع کیلئے اپنے منصب کے حلف کا پابند ہوں۔ اپنے حلف کے خلاف کسی چیز کی تائید نہیں کر سکتا۔ حقائق مسخ کر کے ایک متنازعہ بیانیہ گھڑنا ادارے کیلئے نقصان دہ ہے۔ غیر ضروری امور میں پڑنے کی بجائے مضبوط عدالتی نظام تعمیر کرنا چاہئے۔ مضبوط عدالتی نظام کی ساری توجہ انصاف کی فراہمی ہو۔اسلام آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس قاضی فائز عیسی کے ملکر پودا لگانے سے ججز میں تقسیم نہ ہونے کا تاثر دیا گیا۔ شجرکاری کے دوران چیف جسٹس اور جسٹس قاضی فائز عیسی کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو بھی ہوئی۔ ججز نے پودے لگانے کے بعد دعا بھی کی۔ چیف جسٹس نے پودا لگانے کے بعد دعا میں کہا اللہ تعالی ہمارے اور ادارے کیلئے بہتر کرے۔


 

ای پیپر-دی نیشن