• news

زرداری کی شجاعت سے ملاقات، تمام سیاسی جماعتیں معیشت بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کریں : صدر ق لیگ 

لاہور اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چودھری سرور، وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران شجاعت نے کہا کہ مہنگائی کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، تمام سیاسی پارٹیاں ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست بعد میں بھی ہوتی رہے گی، پہلے عوام کی بہبود کا سوچنا ہو گا۔ سیاسی رنجش کو ذاتی رنجش نہ بنائیں، ملک کا سوچیں، پاکستان ہے تو سب ہیں۔ شجاعت نے کہا کہ بجٹ غریب کیلئے ٹیکس فری ہونا چاہئے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنما¶ں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ مزید برآں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے NA-47 سابقہ فاٹا سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی جواد حسین نے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، وزیر مملکت سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی اور پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے قائم مقام صدر اور وزیر مملکت محمد علی باچا بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے جواد حسین کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے سابقہ فاٹا اور پاٹا کی صورتحال دریافت کی۔ جواد حسین نے کہا کہ آپ کے دور میں فاٹا اور پاٹا میں کی گئی اصلاحات پر آپ کے مشکور ہیں۔ جواد حسین نے کہا کہ سابقہ فاٹا اصلاحات کے تحت دی گئی چھوٹ کی مدت بڑھائی جائے جو اس علاقے اور عوام کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے وفد کی طرف سے سابقہ فاٹا اور پاٹا کی طرف سے علاقے میں ٹیکس کی چھوٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے اس جائز مطالبے کی پاکستان پیپلزپارٹی بھرپور حمایت کرتی ہے اور وہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔ آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنما فیصل میر نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اس موقع پر فیصل میر نے کہا کہ انشاءاللہ اگلے انتخابات میں 1977 کے بعد پنجاب کا وزیراعلی پیپلزپارٹی سے ہوگا۔ آئندہ مرکز میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے۔مزید برآں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر ا لیاس نے چودھری شجاعت سے دوبارہ ملاقات کی۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ چودھری شجاعت کی سیاسی رواداری کا قائل ہوں۔ میرے ساتھ پی ٹی آئی منحرف ارکان کی بڑی تعداد ہے۔ جو بھی فیصلہ ہو گا مل کر کریں گے۔ ایک شخص نے ہٹ دھرمی کی سیاست کی اور ملک کا نقصان کیا۔ ہمارا مقصد پاکستان کو بحران سے نکالنا ہے۔

شجاعت، زرداری 

ای پیپر-دی نیشن