اوگرا نے جولائی سے گیس 50 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی گئی۔ اوگرا نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کیلئے گیس نرخ میں اضافے کی منظوری دی ہے۔ سوئی سدرن کیلئے گیس کی قیمت میں اوسطاً 45 فیصد اور سوئی ناردرن کیلئے گیس کی قیمت میں اوسطاً 50 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ سوئی سدرن کیلئے گیس کی اوسط قیمت میں 417 روپے 23 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی ناردرن کیلئے گیس کی اوسط قیمت میں 415 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن پر اوسط قیمت 1238 روپے 68 پیسے ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن پر گیس کی اوسط قیمت 1350 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023ءسے ہو گا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔ قانون کے تحت قیمتوں میں اضافے سے متعلق 45 دن میں حتمی فیصلہ کرنا لازم ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو 45 دن بعد فیصلہ ازخود لاگو ہو جائے گا۔ قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی صورت میں وفاقی حکومت کو سبسڈی دینا ہو گی۔