• news

ایساکسی کے ساتھ نہیں ہوا

جو آج ہمارے ساتھ ہورہا ہے ایسا پہلے کسی کے ساتھ نہیں ہوا۔آپ کی بات  درست ہے۔ زیادہ پیچھے جانے کی ضرورت نہیں۔ اسی صدی میں ہی رہیں، پاکستان کے پہلے دو تہائی اکثریت کے وزیر اعظم کی حکومت راتوں رات الٹ دی گئی۔ وزیر اعظم کے ماتحت وزیردفاع کے ماتحت ادارے کے ماتحت چند افسران نے اس وزیر اعظم کو اس کے سرکاری گھر میں گھس کر گرفتار کیا اور جیل میں ڈال دیا۔ جرم یہ تھا کہ اس نے اپنے آئینی و قانونی اختیارات استعمال کرتے ہوئے فوج کی سربراہ کو تبدیل کردیا تھا ایسا تو آپ کے ساتھ بالکل نہیں ہوا۔ پرویز مشرف کی فوجی حکومت نے بڑی مخالف سیاسی جماعتوں کو زیر عتاب لانے کے لئے سخت احتسابی قانون بنایا، اس قانون کا استعمال کرکے مخالف سیاسی جماعتوں کو توڑا،اپنی کنگز پارٹی بنائی اس کو جتوایا ،نمبر پورے نہ ہوئے تو پھرنیب کا استعمال  کر کے اپوزیشن پارٹیوں کے دیرینہ رہنماوں کو توڑ کر نیا گروپ بنایا۔ ملکی تاریخ کی پہلی دوتہائی اکثریت کی پارٹی کو ڈیڑھ درجن تک محدود کردیا، دوسری بڑی پارٹی کو تو اس قابل ہی نہ چھوڑا کہ وہ اپنا اوراپنی قائد کا نام استعمال کرکے الیکشن لڑ سکے۔ ایسا تو آپ کے ساتھ  بالکل نہیں ہوا۔ آج کے وزیر داخلہ کو اس دور میں نامعلوم افراد نے اٹھایا مارا پیٹا، سر اور بھنویں مونڈھ دیں جس کی تصاویر آج بھِی موجود ہیں، آپ کے ساتھ تو ایسا بالکل نہیں ہوا۔
جلا وطن سابق وزیر اعظم کو وطن واپس لوٹتے ہی ایئر پورٹ سے زبردستی واپس بھیج دیا گیا۔ایسا تو آپ کے ساتھ نہیں ہوا۔ملک اور مسلم دنیا کی پہلی خآتون وزیراعظم رہنے والی قائد کو وطن واپسی پر خودکش حملے کا نشانہ بنا دیا گیا۔ ایسا تو خدانخواستہ آپ کے ساتھ نہیں ہوا۔ ملک کے ایک مدت میں طویل ترین عرصے کے وزیر اعظم کو محض چند سیکنڈز کی عدالتی سزا کے زریعے پانچ سال کے لئے گھر بھیج دیا گیا،ایسا تو آپ کے ساتھ نہیں ہوا۔ سادہ اکثریت کے ساتھ تیسری بار وزیر اعظم بننے والے رہنما کو ایک عدالتی فیصلے سے تاحیات حکومت اور سیاست سے باہر کردیا جیل میں ڈالا گیا۔اس کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا۔اسے اپنی بستر مرگ پر پڑی شریک حیات سے بات کرنے کی اجازت نہ ملی ایسا تو آپ کے ساتھ نہیں ہوا۔
پھر یہ بھی جان لیں اپنے دور  میں آپ نے کیا کیا۔اپوزیشن کے تمام رہنماوں کو چن چن کر مہنیوں اور سالوں کے لئے جیلوں میں ڈالا گیا۔ آپ  کے دور میں تو اپوزیشن بنچوں کی سامنے کی تمام نشستیں خالی ہوگئیں اور آپ نے اپنے سپیکر کو ان ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے سے روک دیا۔ آپ تو منہ پر ہاتھ پھیر کر کہا کرتے تھے دیکھو میں ان کے ساتھ کرتا کیا ہوں،آپ نے تو امریکہ میں کھڑے ہو کر کہا کہ میں واپس جاکر ان کے جیلوں میں ٹی وی اور اے سی بند کراوں گا۔ آپ کے دور میں  صحافیوں پر حملے ہوئے انہیں دن دیہاڑے سب کے سامنے اٹھا لیا گیا،گھروں میں گھس کر مارا گیا ۔ آپ نے تو سیاسی مخالفین پر ہیروئن تک ڈال دی وہ بھی اتنی  کہ جس کی سزا موت سے کم نہ ہو۔
پھر آپ کے ساتھ ہوا کیا۔آپ نے حکومت سے جاتے ہی دارلحکومت پر چڑھائی کردی۔ عدالت کے منع کرنے کے باوجود آپ نے کارکنوں کو ریڈ زون پہنچنے کا کہا انہوں نے وہاں آگ لگادی،عدالت نے کہہ دیا کہ آگ تو آنسو گیس سے بچنے کے لئے لگائی گئی یہ کہہ کر گنجائش دیدی کہ شاید آپ تک عدالت کا پیغام نہ پہنچا ہو کہ آپ نے ریڈ زون نہیں آنا،ایسا تو پہلے کسی کے ساتھ نہیں ہوا۔ آپ عدالتوں میں پیش نہ ہوئے،وارنٹ جاری ہونے پر آپ کے کارکنوں نے پولیس کو آپ تک پہنچنے ہی نہ دیا،ان پر پیٹرول بم پھینکے ایسا تو پہلے کبھی نہ ہوا۔آپ کو عدالتی وارنٹ پر گرفتار کر کے پولیس کے گیسٹ ہاوس میں رکھا گیا،اوردو روز بعد آپ ایک قیدی کی حیثیت میں مرسڈیز کار میں سپریم کورٹ پہنچے آپ کو ججز کے لئے مخصوص گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی گئی،ایسا تو کسی کے ساتھ نہیں ہوا،آپ کو سب سے بڑی عدالت کے سب سے بڑے جج نے خوش آمدید کہا رہائی کا پروانہ تھمایہ اور ضمانت کے لئے عدالت پیشی کیلئے اپنی مرضی کے دوستوں کے ساتھ گیسٹ ہاوس میں رات گزارنے کی سہولت دی ایسا تو کسی کے ساتھ نہیں ہوا۔ آپ کے گرفتاری پر آپ کی جماعت نے ملک بھر میں آگ لگادی فوجی تنصیبات پر حملے کئے۔ایسا تو کبھی کسی نے نہیں کیا۔ آپ کے بیانئے پر عمل کرتے ہوئے جلاو گھیراو کرنیوالے آپ کے کارکن اور رہنما جیلوں میں ڈال دیئے گئے لیکن آپ کو کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا ،ایسا تو کسی کے ساتھ نہیں ہوا۔ تو دراصل آپ کے بات سو فیصد درست ہے جو آپ کے ساتھ ہورہا ہے ایسا پہلے کبھی کسی کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ سب کے ساتھ تو اس سے کہیں زیادہ ہوچکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن