• news

دورہ سری لنکا کی تیاری کیلئے سپن اور فاسٹ بائولنگ کیمپس کا انعقاد

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسی ماہ قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سپن اور فاسٹ بائولنگ کے علیحدہ علیحدہ کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق سپن بائولنگ کیمپ 10 سے 15جون تک منعقد ہوگا جبکہ فاسٹ بائولنگ کیمپ کا انعقاد 16 سے 21 جون تک کیا جائیگا۔اس سلسلے میں 13 سپنرز اور 11 فاسٹ بائولرز کو ان کیمپس میں مدعو کیا گیا ہے جبکہ 14 بیٹرز بھی کیمپ میں بلائے گئے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے آئندہ ماہ سری لنکا کا دورہ کریگی۔ان دو کیمپس کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ آنے والے سیزن کیلئے کھلاڑیوں کو تیار کیا جاسکے۔قومی سلیکشن کمیٹی نے ان کیمپس کیلئے پاکستان انڈر19 اور پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے جو قومی ٹیم کے کوچز اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ کریں گے۔ان کیمپس سے سلیکٹرز کو سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب میں مدد ملے گی۔ کیمپس سے سپنرز اور فاسٹ بائولرز کو بھی مدد ملے گی تاکہ ان کیمپس کیلئے تیار کردہ خصوصی سیشن میں لمبے سپیل کرکے اپنی صلاحیتوں میں کس طرح اضافہ کرتے ہیں اور سخت موسمی حالات میں اپنی فٹنس کو کس طرح بہتر بناتے ہیں۔ بیٹرز کو بھی ان کیمپس میں سری لنکا کے دورے کیلئے تیاری میں مدد ملے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بلائے گئے ان نوجوان کھلاڑیوں کو ان کیمپس میں آکر پاکستان وے کے بارے میں بھی بہتر طور پر اندازہ ہوسکے گا کہ قومی ٹیم کی کیا توقعات ہوتی ہیں۔ان نوجوان کرکٹرز کو سینئرز کھلاڑیوں کے تجربے سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن کھلاڑیوں کو کانٹی کرکٹ یا دیگر لیگز میں کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے وہ ان کیمپس میں شامل نہیں ہونگے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ذاتی مصروفیات، بابر اعظم اور محمد رضوان (حج) اور محمد نواز (رہیب) کے سبب ان کیمپس میں شریک نہیں ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن