• news

خواتین کے مقابلہ حسن کی مسلم معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں:راغب نعیمی

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ خواتین کے مقابلہ حسن کی مسلم معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔حیا اورپردہ عورت کازیور ہے، جسم کی نمائش کی اسلام میں قطعاً اجازت نہیں۔فحش خواہ تھوڑا ہو یا زیادہ، چھپا ہو یا کھلا اللہ کریم اس سے منع فرماتا ہے۔ مسلمانوں کو اپنے معاشرے میں فحاشی اور بے حیائی پھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے۔ قرآن کریم ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ”بے شک جو لوگ ایمان والوں میں فحاشی کا پھیلنا پسند کرتے ہیں ان کے لئے دردناک عذاب ہے“۔ اچھے معاشرے کا فرض ہے کہ وہ بھلائیوں کو پھیلانے اور برائیوں سے روکنے کا بندوبست کرے۔ عریانی، فحاشی سے خود بچنا اور معاشرے کو بچانا ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں مرد و زن کو زندگی گزارنے کے تمام اصول و ضوابط واضح کئے گئے ہیں۔ عورتیں محرم رشتوں کے علاوہ بے پردگی کرنے پر روزمحشر جواب دہ ہوں گی۔ بحیثیت مرد و عورت ہمیں ایسے لباس کا انتخاب کرنا چاہیے جو ہمارے جسم کو ڈھانپ لے، خاص کر خواتین کو ایسے چست لباس کا انتخاب نہیں کرناچاہیے جس سے جسم کے خدوخال نمایاں ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن