عیاش حکمرانوں کے باعث ملک معاشی‘ پالیسی رسک سے گزر رہا ہے: سعد رضوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کا ملک کے اندر حالیہ گستاخیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے خلاف حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا پاکستان بچاؤ مارچ بارہویں روز بہاولپور سے ملتان گھنٹہ گھر چوک میں پہنچ گیا۔ بہاولپور میں روانگی سے قبل حافظ سعد حسین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان اپنی عمر کے تقر یباً 76 برس مکمل کرنے کو ہے، پاکستا ن کے اوپر کمیو نیزم، سوشل ازم، لبرل ازم، مارشل لائ، نام نہاد صدارتی نظام اور نام نہاد جمہوریت کے نام پر ملک کو تقسیم در تقسیم، اس کے آئین کے ٹکڑے اور اس کے نظام کو تباہ کرنے کی بھر پور کوشش جاری رہی۔ پاکستان جو سکیورٹی رسک کے معاملات سے گزر رہا تھا آج ان عیاش حکمرانوں، بدمعاشوں، ڈاکوؤں، غنڈہ گردوں، سرداروں اور وڈیروں کی وجہ سے پاکستان معاشی اور پالیسی رسک سے بھی گزر رہا ہے۔ پاکستان کا بنیادی انفراسٹرکچر انہوں نے تباہ کردیا ہے۔ اس نظام نے غریب کا خون نچوڑ کر ان کے لئے دو وقت کا کھانا بھی مشکل کردیا ہے۔ پاکستانی قوم اب جاگ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں پولیس کی جانب سے پر امن مارچ کے شرکاء کو دو جگہوں پر روکنے کی کوشش کی جس کی میں بھر پور الفاط میں مذمت کرتا ہوں۔ اب تم کہتے ہو بہاولپور میں داخل نہیں ہوسکتے، اگر اتنی پھرتیاں دیکھانی تھی تو 9 مئی والے دن سونا نہیں تھا اٹھ کر قوم اور قوم کی نجی تنصیبات کی حفاظت کرنی تھی۔ پورے وثوق سے کہہ رہا ہوں جب آپ پرکڑا وقت آئے گا یہ سب طیاروں پر بیٹھ کر بھاگ جائیں گے، صرف لبیک والے آپ کے ساتھ کھڑے رہ جائیں گے۔ تھوڑا سخت وقت آیا تو کوئی پچاس روپے کے اشٹام پیپر پر ملک سے بھاگ گیا اور کوئی تیاری کررہا ہے۔ کسی کو ذرا سی بریک لگی وہ دبئی جاکر بیٹھ گیا۔ آپ اور ہم نے رہ جانا ہے۔ ہماری لڑائی عالم کفر سے ہے۔ اس کے باطل نظام اور سازشوں سے ہے۔ ہماری لڑائی ہر اس ملعون سے ہے جو ناموس رسالت پر حملہ کرنے کا سوچتا ہے۔ آج بھی وقت ہے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے سنجیدگی اختیار کرلو۔ تاریخ میں لکھا جائے گا کہ ایک ایسی بھی قوم تھی جس کی بیٹی غیر اٹھا کر لے گئے تھے لیکن انہوں نے اپنی بیٹی لے کر دم لیا تھا۔ مارچ میں تحریک لبیک پاکستان کی مجلس شوریٰ کے ارکان پیر سید ظہیر الحسن شاہ، قاضی محمود اعوان، علامہ غلام غوث بغدادی، مفتی عمیر الازھری، ڈاکٹر محمد شفیق امینی، مفتی وزیر احمد رضوی، صوبہ پنجاب کی مقامی قیادت اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنان سمیت عوام کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ آج تیرہویں روز کے سفر کا آغاز ملتان گھنٹہ گھر چوک سے اپنی اگلی منزل کی طرف ہوگا۔