• news

سستا آٹا اسکیم ‘ کسی کو 65 روپے کلو آٹا نہیں ملا ‘ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی(سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے فلور ملز کی جانب سے گندم کی نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف درخواست پر محکمہ فوڈ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔سندھ ہائیکورٹ میں فلور ملز کی جانب سے گندم کی نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس سال توگندم کی اچھی فصل ہوئی ہے۔ محکمہ خوراک نے ٹارگٹ مقرر کیا تھا وہ حاصل کرلیا؟ کیا سینٹر ہر ضلع میں قائم کیے گئے ہیں؟ عوام کو کیا ریلیف دیا گیا ہے؟ محکمہ خوراک کے حکام نے بتایا کہ ہم نے سستا آٹا اسکیم شروع کی تھی،65 روپے میں عوام کو آٹا فراہم کیا ہے۔ چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ سستا آٹا اسکیم سے کسی کو 65 روپے فی کلو آٹا نہیں ملا ہے۔ عدالت نے درخواستگزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کس طرح متاثرہ فریق ہیں۔ وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار لائسنس ہولڈر ہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی عوام مفاد کا کیس نہیں ہے۔ درخواستگزار کے وکیل رضا ربانی ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ گندم کی نقل و حرکت پر پابندی کے لیے سندھ کیبنٹ سے منظوری نہیں لی گئی ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت اور محکمہ فوڈ کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے محکمہ فوڈ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے 12 جون کو دلائل طلب کرلیے۔

ای پیپر-دی نیشن