ایران کو جوہری بم بنانے سے روکنے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں:اسرائیل
تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کو جوہری بم کے حصول سے روکنے کے لیے جو بھی ہوسکے گا کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بنجمن نیتن یاھو نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر پوسٹ کردہ بیان میں بین الاقوامی توانائی جوہری ایجنسی کی طرف سے ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تحقیقات بند کرنے پر ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس ایران اور عالمی برادری کے لیے واضح پیغام ہے۔ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔قبل ازیں اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایرانی جوہری پروگرام پر ایجنسی کی رپورٹ پر تنقید کی اور اسرائیلی ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ ایجنسی ایرانی سیاسی دبا کے سامنے جھک گئی۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیور حیات نے ایک بیان میں کہا کہ ایجنسی کی جانب سے ایرانی مریوان جوہری مقام کے معاملے کو حل کرنے کا اعلان انتہائی تشویشناک ہے۔ تہران کی جانب سے اس حوالے سے جو وضاحتیں فراہم کی گئی ہیں، وہ قابل تشویش ہیں۔