عمران کی فتنہ فسادکی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے:رانا تنویر
فیروزوالہ( نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت اگست کے وسط میں پوری کررہی ہے جس کے بعد ہی الیکشن کمشن کے ذریعے انتخابات کے اعلان کیا جائے گا جس کا انحصار ملکی حالات پر ہے۔ عمران خان کی فتنہ فسادکی سیاست اب اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔ قوم کے سامنے اس کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے جس نے اپنے دور اقتدار میں اپوزیشن کے ساتھ وہ بدترین سلوک کیا جس کی وجہ سے آج وہ خود مکافات عمل کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔ نواز شریف واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ کسی بھی سیاسی دہشت گرد کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ اگر عمران خان سیاسی ہوتے تو 9مئی کے پرتشدد واقعات رونما نہ ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹ قوم پر آشکار ہوچکے ہیں اپنی حکومت کے بیرونی مداخلت سے گرائے جانے کے الزام سمیت انکے تمام جھوٹوں کا پول کھل چکا ہے عمران خان جس ڈھٹائی سے بے بنیاد الزام تراشی کرتے ہیں اسکی مثال ملنا مشکل ہے۔