بھارتی فوجی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان شہید ، شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ
سرینگر‘راجوری ‘ واشنگٹن(کے پی آئی) بھارتی فوجی گاڑی کی ٹکر سے کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعدضلع راجوری میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گےا ہے۔ بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف)کی ایک گاڑی کی ٹکر سے کشمیری نوجوان ثاقب ملک کی موت کے خلاف احتجاجی مظاہر ے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی راجوری ضلع کے علاقے کلر گالہ میں بی ایس ایف کی ایک گاڑی نے دانستہ طور پر ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس پر سوار ثاقب ملک نامی نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ اسے علاج کے لیے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری منتقل کیا گیا۔ جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔بعد ازاں متوفی کے لواحقین نے لاش کلر چوک پر رکھ کر جموں راجوری پونچھ شاہراہ کو گھنٹوں تک بلاک رکھا۔
جبکہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم مردہ پایا گیا۔ضلع بڈگام کے علاقے یاریخواہ خانصاحب کا رہائشی طالب علم محمد عمر گنائی کالج کے ہاسٹل میں مردہ پایا گیا۔ جنوبی کشمیر میں ٹریفک کے حادثات میں4 افراد مارے گئے ہیں ۔ ایک حادثے میں ڈرائیور سمیت دو سرکاری ملازمین جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حادثہ اس وقت ہوا جب اسلام آباد رین چوگنڈ ویری ناگ میں محکمہ جل شکتی کا واٹر ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں ڈرائیور گوہر احمد لون اور ہیلپر وزیر احمد خان کی موقع پرہی موت واقع ہوئی۔ادھر شوپیاں کے وہیل گاوں میں نجی گاڑیوں کے درمیان ہوئی ٹکر کے نتیجے میں ڈرائیور کی موت وقع ہوئی ہے۔ضلع اسلام آباد میں ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا سیاح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔دوسری جانب امریکہ میں قائم کشمیری تارکین وطن کی تنظیم کشمیری ڈائس پورہ کولیشن(کے ڈی سی)کی قیادت نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قےد کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کی عمر قید کی سزا کوسزائے موت کی سازش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ یاسین ملک پر جعلی مقدمہ ختم کرانے اور جیل سے رہائی پر زور دیا جائے ۔
کشمیر