• news

بھارت: ٹرین حادثہ میں ہلاکتیں 300 ہوگئیں ،900 زخمی، شہباز شریف کا اظہار افسوس

کولکتہ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) بھارت میں 3 ٹرینوں کے ٹکرانے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 300 ہو گئی۔900سے زائد زخمی ہوئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ سے چنائی جانے والی مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں پٹڑی سے اتر کر دوسری پٹڑی پر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے جا ٹکرائیں۔ اسی دوران ایک مال گاڑی بھی دونوں ٹرینوں سے ٹکرا گئی۔ بھارت میں یوم سوگ منایا گیا ۔ حکام کے مطابق ٹرینوں کی تباہ ہونے والی بوگیوں کے درمیان سینکڑوں افراد اب تک پھنسے ہوئے ہیں۔ سینکڑوں ریسکیو اہلکار‘ سکیورٹی فورسز اہلکار اور ایمبولینس امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تباہ ہونے والی بوگیوں کو کاٹ کر پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے بھارت میں ٹرین حادثے میں ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس سانحہ میں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ میں ان سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن