• news

جہانگیر ترین کی زیر صدارت ہم خیال گروپ کا مشاورتی اجلاس ، مل کر چلنے پر اتفاق ہوا :تنویر الیاس 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین کی سربراہی میں ہم خیال گروپ کا اجلاس ہوا۔ جہانگیر ترین کی سربراہی میں ہم خیال گروپ کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں عون چوہدری، نعمان لنگڑیال اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا مہر نواز بھروانہ، ملک غلام رسول سنگھا، لالہ طاہر رندھاوا، سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ اور فیصل جبوانہ اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں مستقبل میں مشترکہ سیاسی لائحہ اپنانے پر اور نئی پارٹی کے قیام پر غور کیا گیا۔ لاہور میں جہانگیرترین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ جہانگیر ترین سے ملاقات میں نئی پارٹی بنانے، تحریک چھوڑنے والے ارکان کے مستقبل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جہانگیر ترین کے ساتھ مستقبل میں ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق ہوا، عوام اعتماد رکھیں آنے والے دنوں میں اچھی خبریں ملیں گی۔ کوئی گروپ نہیں بنا سب ایک جگہ اکٹھے ہونگے۔ پارٹی میں میرا کردار مرکزی ہوگا۔ صرف آزاد کشمیر کا نہیں پورے پاکستان کا سٹیک ہولڈر ہوں۔ مظفر گڑھ سے سابق ایم پی اے نیاز خان گشکوری نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اس دوران نیاز خان گشکوری نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ جہانگیر ترین نے نیاز خان گشکوری کو اپنے گروپ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں جہانگیر ترین سے جھنگ کے سابق ایم پی اے یعقوب شیخ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر یعقوب شیخ نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن