سی ٹی ڈی آپریشن‘ پنجاب سے کالعدم تنظیموں کے 6 دہشت گردگرفتار
لاہور (نامہ نگار) کاﺅنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبہ بھر میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے6دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی ناخوشگوار بھی واقعہ سے موثر اندازسے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 39خفیہ آپریشن کئے جن کے دوران 40مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور6دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتارمشتبہ افراد میں کالعدم تنظیم حزب التحریرکا رکن شعیب، رفیق سپاہ محمد پاکستان کا کا رکن، محمد باقر مہندی بلوچ لبریشن آرمی کے دو ارکان ظاہر شاہ اور محمد شہزاد جماعت الاحرار کا کارکن محمد افضل اور تحریک طالبان پاکستان کا کارکن آصف شامل ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ مشتبہ افراد نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات پر دہشتگردی کی کارروائیوں سمیت مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف لاہور گوجرانوالہ ،ڈی جی خان، ساہیوال اور راولپنڈی میں 5ایف آئی آرز درج کروا کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔