ورلڈ بنک قرض :2 ہزار دیہات میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائینگے: ابراہیم مراد
لاہور(خبرنگار) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے بتایا ہے کہ ورلڈ بنک نرم شرائط پر 442 ملین ڈالر قرض دے گا جس سے پنجاب کے 2 ہزار دیہات میں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 200دیہات میں کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اب تک 70دیہات میں واٹر سپلائی ، سیوریج وغیرہ کے منصوبے شروع کرنے کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیئے گئے ہیں۔ مزید 70دیہات کا کنٹریکٹ دینے کیلئے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں جبکہ باقی 60دیہات کے منصوبے منظوری کے مراحل میں ہیں۔ پنجاب کے 16 اضلاع میں کے دیہاتوں میں واٹر سپلائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور زیر سیوریج کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ پراجیکٹ میں شامل دیہات ضلع خوشاب، میانوالی،سرگودھا، چکوال، بھکر، پاکپتن، چنیوٹ، جھنگ، راجن پور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، لودھراں، بہاولپور، مظفر گڑھ، بہاولنگر اورملتان میں واقع ہیں۔ منصوبوں پر عمل درآمد پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کروا رہی ہے۔ نگراں وزیر بلدیات سے ورلڈ بنک مشن پاکستان کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ، نکاسی آب اورصاف ستھرا ماحول بنیادی انسانی ضروریات ہیںان منصوبوںسے ان دیہات کا نقشہ ہی بدل جائے گا۔