فرض شناس افسر اثاثہ ‘میرٹ پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں: سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہور پورلیس بلال صدیق کمیانہ سے محکمہ پولیس سندھ کے سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کرنےوالے انڈرٹریننگ ڈی ایس پیزنے گزشتہ روز ان کے دفترمیں ملاقات کی۔محکمہ پولیس سندھ کے 33رکنی وفدکی قیادت ڈی آئی جی محمدنعمان صدیقی کر رہے تھے۔ملاقات کے دوران ایس ایس پی ڈسپلن عمران کشوراور ایس پی(ڈولفن) زوہیب رانجھاسمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پرعمران کشورنے سندھ پولیس کے زیر تربیت افسران کو لاہور پولیس کے تنظیمی ڈھانچے سے متعلق بریفنگ دی۔سندھ پولیس کے وفد کو لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت،کارکردگی، جرائم کی روک تھام اور دیگر ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔وفدکو لاہور پولیس کی امن عامہ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایماندار، محنتی، قابل اور فرض شناس افسران محکمہ پولیس کا اثاثہ ہیں۔ میرٹ پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔ لاہور پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کےلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔لاہور پولیس کے شہداءاور غازیوں کے خاندانوں کی بھلائی اور دیکھ بھال پر خاطر خواہ تو جہ دی گئی ہے۔ شہدائے پولیس کے خاندانوں کی دیکھ بھال کےلئے ایک بھر پور پیکچ متعارف کروایا گیا ہے تا کہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لاہور پولیس قیام امن میں ہراول دستہ ہے جس نے محفوظ معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ لاہور پولیس دیگر صوبوں کے محکمہ ہائے پولیس کو تربیتی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔پولیس فورس کا حصہ بننے والے افسران اپنی قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت خلق کو اپنا شعار بناکر ایک محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنابھر کردار اداکریں۔