انتظامی، پولیس افسر اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات دور کر کے ہر ماہ رپورٹ کریں : محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہدایت کی ہے کہ آئی جی پولیس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے سسٹم کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کریں۔ تمام کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز متعلقہ شہروں میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ نگران وزیر اعلی نے انتظامی و پولیس افسران کو ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات دور کرکے ہر ماہ وزیر اعلی آفس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر شکایت کے ازالے پر ہونے والی پیشرفت سے متعلقہ اوورسیز پاکستانی کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹائم فریم بنایا جائے۔ پورٹل، فون یا بذریعہ ڈاک آنے والی شکایات پر روایتی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی یا جائیداد پر قبضہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ملت پارک میں گھر سے دو کمسن بھائیوں کی لاشیں ملنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ادھر لودھراں میں طالبہ سے زیادتی اور ویڈیو بنانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ طالبہ سے زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزم قانون کے تحت کڑی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ دریں اثناءلودھراں پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم ویگن کنڈکٹر عمران کو گرفتار کر لیا ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔