• news

محب وطن سیاستدانوں کیلئے دروازے کھلے، مستقبل ہمارا ہے، شجاعت 


اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے محب وطن سیاستدانوں کے لیے دروازے کھلے ہیں مستقبل مسلم لیگ کا ہے ، ہر سطح پر پارٹی کو فعال بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر امجدکا ا پنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پرکیا۔ ڈاکٹر امجدنے کہا پی ٹی آئی کو پہلے ہی خیر آباد کہہ دیا تھا، پاکستان مسلم لیگ کو مضبوط کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا پاکستان مسلم لیگ کو ملک کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے ۔ ملاقات میں چوہدری شافع حسین‘ سالک حسین، مصطفی ملک، رضوان صادق ،چوہدری جہانگیراور عاطف مغل بھی موجود تھے ۔ لاہور میں چوہدری سرور اور چوہدری شافع کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما ڈاکٹر امجد نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا چوہدری سرور نے ہمیشہ ہی شفقت برتی ہے، چوہدری شافع نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ڈاکٹر امجد جیسے افراد جماعتوں کیلئے سرمایہ ہوتے ہیں، انہیں اپنی پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔چوہدری سرور نے کہا ہزاروں کی تعداد میں نوجوان اور طلبا ہماری جماعت میں شامل ہورہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ صرف پنجاب یا اسلام آباد کی جماعت نہیں، چاہے چند سال لگ جائیں، اس کو پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں ہوا، تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہئے، چوہدری شجاعت اور ان کی فیملی پر کسی قسم کی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔
شجاعت حسین 

ای پیپر-دی نیشن