• news

زرداری سے ملاقات: گوجرانوالہ، حافظ آباد کی 3 شخصیات پی پی میں شامل، لاہور میں بڑے جلسے کا فیصلہ 

 لاہور+ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی+ آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں بڑا عوامی جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی سیاست کے مرکز لاہور میں پیپلز پارٹی بڑا عوامی جلسہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ آصف علی زرداری کی لاہور میں متحرک سیاست جاری ہے اور پارٹی میں مزید سیاسی رہنماو¿ں کی آمد کا سلسلہ بھی تھم نہیں سکا ہے۔ پارٹی کے ضلعی صدر اسلم گل نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے شروع کردئیے ہیں ہیں۔ جلسے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ چودھری اسلم گل نے کہا پاکستان کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری بی بی شہید کا قوم کو تحفہ ہیں۔ بی بی رانی کی سالگرہ شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو شہید کی 70ویں سالگرہ پورے جوش و خروش سے منانے کے حوالے سے وہ لبرٹی چوک، موچی دروازے اور ناصر باغ کے دورے میں پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر زاہد ذوالفقار، چودھری عاطف رفیق، عمر شریف بخاری، عزیز ملک، جاوید الیاس بٹ، حامد منیر، عمر ایاز، مصطفی جٹ، عمران علی اور شاہد شیرازی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ اسلم گل نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت میں بڑے جلسے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹیلبز کو سیاسی جماعتوں کے مد مقابل لانے کے قومی سیاست پر مثبت اثرات مرتب نہیں ہوں گے، پیپلز پارٹی ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بھنور سے نکال سکتی ہے۔ گوجرانوالہ اور حافظ آباد کی 3 سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ گوجرانوالہ سے چودھری علی اشرف وڑائچ اور چودھری حارث میراں نے آصف زرداری سے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حافظ آباد جلال پور بھٹیاں سے چودھری انصر نے بھی سابق صدر سے ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ زرداری نے پیپلزپارٹی میں شمولیت پر ان کو خوش آمدید کہا۔ جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ گوجرانوالہ میں سٹی صدر میاں وفود حسن ڈار کے گھر پہنچے جہاں مقامی رہنماﺅں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میاں اظہر حسن ڈار‘ ودود حسن ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والوں میں لیاقت طور چیئرمین یوسی 38‘ امان اللہ بھٹی جنرل کونسلر اور عثمان ابراہیم مہر شامل ہیں جنہیں سید حسن مرتضیٰ نے پارٹی پرچم مفلر پہنایا اور پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ زرداری سے سابق صوبائی وزیر جنگلات رائے اعجاز احمد خان نے ملاقات کی۔ آئندہ انتخابات کی تیاریوں‘ ضلع شیخوپورہ کی تنظیمی اور سیاسی صورتحال‘ پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے بعد یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رائے اعجاز احمد خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔ پپلز پارٹی کے دروازے ہر محب وطن کیلئے کھلے ہیں۔ ہمارے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے‘ قتل و دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات بنوانے والوں کو پارٹی مفاد میں خوش آمدید کہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن