آسٹریلیا میں خالصتان ریفرنڈم، 31 ہزار سکھوں نے بھارت سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا
سڈنی (نوائے وقت رپورٹ) آسٹریلیا میں بھارت سے آزادی اور خالصتان کے قیام کے لیے ریفرنڈم ہوا، جس میں 31 ہزار سے زائد سکھوں نے حق میں ووٹ دے کر نام نہاد سیکولر اسٹیٹ کا پردہ چاک کر دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی شہر سڈنی میں مقیم ہزاروں سکھوں نے انڈی پینڈنٹ پنجاب ریفرنڈم کمشن کی جانب سے کرائی جانے والی ووٹنگ میں صبح 9 سے شام تک ووٹ کاسٹ کیے۔ 31 ہزار سکھوں نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور سب نے بھارت سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا۔ ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے سکھ خالصتان کے قیام کے حق اور بھارت سے علیحدگی کے لیے پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔ مودی سرکار کی ایما پر سڈنی میں مقیم بھارتی کمیونٹی نے ریفرنڈم رکوانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تھا لیکن آسٹریلوی حکومت نے پ±رامن ریفرنڈم کے جمہوری عمل کو رکوانے سے معذرت کر لی۔ اس طرح ریفرنڈم رکوانے کی تمام مذموم کوششیں ایک بار پھر ناکام ثابت ہو گئیں۔ دن کے آغاز سے ہی ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی ووٹ ڈالنے والوں کی طویل قطاریں لگ گئی تھیں۔ رائے شماری میں حصہ لینے کے لیے خواتین اور عمر رسیدہ افراد بھی بڑی تعداد میں آئے تھے۔ خیال رہے کہ خالصتان کے قیام کے لیے آسٹریلیا میں ریفرنڈم کا یہ تیسرا مرحلہ تھا اس سے قبل دیگر شہروں میلبورن اور برسبین میں بھی ریفرنڈم کا انعقاد ہو چکا ہے۔ میلبورن میں 50 ہزار اور برسبین میں 11 ہزار سے زائد سکھوں نے خالصتان کے قیام کے حق میں ووٹ ڈالے تھے۔