ہر سال عالمی سطح پر 400 ٹن سے زائد پلاسٹک تیار کیا جا رہا ،نیول چیف
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے عالمی یوم ماحولیات ہر سال 5 جون کو اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے زیر سرپرستی منایا جاتا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا اس دن کو منانے کا مقصد قدرتی ماحول کا تحفظ اور ماحول کو درپیش مسائل مثلا آلودگی، جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت، وسائل کے پائیدار استعمال، بڑھتی ہوئی سمندری سطح اور غذائی سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہی کا فروغ یقینی بنانا ہے۔ رواں سال عالمی یوم ماحولیات کا عنوان "پلاسٹک آلودگی کا حل" ہے۔ عالمی یوم ماحولیات 2023 یہ دکھائے گا کہ کس طرح مختلف ممالک، کاروباری حلقے اور افراد چیزوں کا پائیدار استعمال سیکھ رہے ہیں اور ان کاوشوں سے پلاسٹک آلودگی ایک دن قصہ پارینہ بن جائے گی۔یہ ایک بر وقت یاددہانی بھی ہے کیونکہ دنیا پلاسٹک سے بھرتی جا رہی ہے۔ ہر سال عالمی سطح پر 400 ٹن سے زائد پلاسٹک تیار کیا جا رہا ہے، جس کا نصف صرف ایک بار استعمال کے لئے بنایا جاتا ہے اور اس کا محض 10 فیصد ری سائیکل کیا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سالانہ پیدا ہونے والے پلاسٹک کا 19-23 فیصد جھیلوں، دریاں اور سمندروں میاں شامل ہو جاتا ہے۔ دور حاضر میں یہی پلاسٹک زمین اور سمندر کو آلودہ کرنے کے علاوہ جلائے جانے پر زہریلے دھویں میں تبدیل ہو کر کرہ ارض کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔