اسرائیلی فوج کے حملے، کئی فلسطینی زخمی، شہر جبنین سے 3بے گناہ بچے گرفتار
غزہ (اے پی پی) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کیخلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی خبررساں ادارے کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے مشرق میں بیت دجن میں ہفتہ وار آبادکاری مخالف مارچ کو اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے دبانے کے دوران گیس بم سے ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ قابض فورسز نے مارچ کے شرکاء پر ربڑ کی کوٹیڈ دھاتی گولیاں، سٹن گرنیڈ اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں درجنوں شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔ دوسری جانب بیت دجن میں عوامی کمیٹی برائے دفاع اراضی، دیوار اور آباد کاری مزاحمتی کمیشن نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کی حمایت اور قابض ریاست کی دھمکیوں کے خلاف ریلی میں شرکت کریں۔ اسرائیلی قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں سے 2 نوجوانوں اور شمالی شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران3بچوں کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ مئی کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں 143 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 33 بچے اور 7 خواتین شامل تھیں۔