عراق کے مشرقی صوبے دیالہ میں داعش کے ٹھکانوں پر کارروائی ، 10جنگجو ہلاک
بغداد(اے پی پی)عراق کے مشرقی صوبے دیالہ میں عراقی فوجکی جانب سے داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دولت اسلامیہ کے 10 جنگجو مارے گئے ہیں ۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی فضائیہ نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شمالی دیالہ کے حمرین پہاڑی سلسلے میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا، جس میں ٹھکانے تباہ ہو گئے اور مجموعی طور پر 7 داعش جنگجو مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ عراقی کانٹر ٹیررازم سروس کے کمانڈوز نے ہفتے کے روز اسی علاقے میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر حملے کیے جس میں آئی ایس کے مزید3جنگجو مارے گئے۔دریں اثنا، جنگی طیاروں نے دارالحکومت بغداد سے تقریبا 250 کلومیٹر شمال میں واقع صوبائی دارالحکومت کرکوک کے جنوب مغرب میں واقع وادی الشعی کے ناہموار علاقے میں آئی ایس کے ایک ٹھکانے پر بمباری کی، جس سے ٹھکانا تباہ ہو گیا اور اندر موجود تمام عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ واضح رہے کہ 2017 میں داعش کی شکست کے بعد سے عراق میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہیتاہم داعش کی باقیات شہری مراکز، صحراں اور ناہموار علاقوں میں پھیل گئی ہیں، جو سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متواتر گوریلا حملے کرتے ہیں۔