• news

فیصل آباد چیمبر ، ٹریول ایجنٹس سے ملکر فضائی صنعت کو فروغ دینگے:ڈاکٹر سجاد 

فیصل آباد (این این آئی)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ساتھ ملکر فیصل آباد میں فضائی صنعت کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گاجبکہ اس سیکٹر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے قائمہ کمیٹی بھی فوری طور پر قائم کی جا رہی ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں جاوید اقبال بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فضائی مسافروں اور س شعبہ سے وابستہ افراد کے مقامی مسائل کے حل کیلئے بہت جلد سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ملاقات کریں گے اور اس میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پروازوں کے حوالے سے فیصل آباد کو دوسرے شہروں کے مساوی حقوق نہیں دیئے جاتے اُن کی کوشش ہو گی کہ فیصل آباد کی کم سے کم پروازوں کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض فضائی کمپنیوں کی سروس سے بزنس کمیونٹی مطمئن نہیں اس لئے ان کی کوشش ہو گی کہ اچھی سروس دینے والی فضائی کمپنیاں بھی یہاں سے اپنی براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کریں۔ میاں جاوید اقبال ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ندیم اقبال سے کہا کہ وہ اپنے شعبہ کے متعلقہ مقامی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیر لائنز سے متعلقہ مسائل الگ الگ لکھ کر دیں تاکہ اِن کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں 118سیکٹرز اور سب سیکٹرز کے لوگ ہیں جو شعبہ اپنے مسائل کے حل کیلئے اس پلیٹ فارم کو بہتر طور پر استعمال کرتا ہے اُن کی شکایات فوری دور ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے ڈومیسٹک ٹورازم کے فروغ کیلئے تاریخی مقامات کی نشاندہی کرنے، فیصل آباد سے سکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے اور فلائنگ کلب کے قیام کا جائزہ لینے کی بھی استدعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریول ایجنٹس کو اپنی میٹنگز چیمبر میں رکھنی چاہئیں اس سے بھی باہمی رابطے مضبوط ہوںگے۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ندیم اقبال نے بتایا کہ فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر بڑا رن وے تیار ہے جس پر بوئنگ 777بھی اتر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جہاز میں 300سے زائد نشستیں ہوتی ہیں جبکہ فیصل آباد کے ویٹنگ لاﺅنچ میں نشستوں کی تعداد صرف 160ہیں اور اگر بیک وقت دو پروازیں آ جائیں تو مسافروں کو بیٹھانے کی بھی جگہ دستیاب نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو یہ معاملہ سول ایوی ایشن کے ساتھ اٹھانا چاہیے تاہم اگر فوری طور پر لاﺅنج کی توسیع نہیں ہوسکتی تو وہ چیمبر کے ساتھ ملکر لاﺅنج کی توسیع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پیشکش کی کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن توسیع کے نصف اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہے۔ اس موقع پر انٹر نیشنل کوآپریشن۔جی سی سی ریجن بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حافظ محمد شفیق کاشف ، میاں مشتاق احمد ، احمد طارق اور دیگر ٹریول ایجنٹس بھی موجو د تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن