عمران خان نے پاکستانی معیشت سمیت ہر شعبہ میں تباہی کی:رانا تنویر حسین
فیروزوالہ( نامہ نگار ) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کا سیاست میں رہنا ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہے۔ عمران خان ثابت شدہ بیرونی ایجنٹ ہے جو ملکی اداروں کو کمزور کرنے کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ عمران خان نے 4 سال تک پاکستانی معیشت سمیت ہر شعبہ میں تباہی لانے کے بعد اقتدار سے نکالنے جانے پر جلاو¿ گھیراو¿ کرکے تباہی لانا شروع کر رکھی ہے جس سے ثابت ہو رہا ہے کہ پی ٹی آئی تباہی کا دوسرا نام ہے۔مریدکے میں پی ٹی آئی رہنما اور مرکزی انجمن تاجران کے سیکرٹری حاجی شیخ محمد شان کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ( ن )میں شمولیت کے موقع پر منعقد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ 9مئی کے واقعات باشعور لوگوں کی پی ٹی آئی سے نفرت کا باعث بنے ہیں۔فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ آرمی ایکٹ نیا نہیں 60سال پرانا قانون ہے جو فوجی عدالت کی سزا کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق دیتا ہے۔ اگر پرویز الٰہی پر بھی کرپشن کے الزامات جھوٹے ہیں تو پھر ملک کا ہر چور معصوم ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی کی پہلی پیشی پر بریت عدلیہ نظام کے ساتھ مذاق ہے۔